اداکارہ مومنہ اقبال نے ثاقب چدھڑ کی جانب سے اپنی پہلی شادی سے متعلق کیے گئے دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی پہلی شادی کے حوالے سے کیا جانے والا دعویٰ درست نہیں ۔
حالیہ انٹرویو میں صحافی ارشاد بھٹی نے ثاقب چدھڑ کے مؤقف کا حوالہ دیتے ہوئے مومنہ اقبال سے سوال کیا کہ کیا ان کی پہلے شادی ہو چکی تھی اور پھرعلیحدگی ہوگئی تھی؟
ارشاد بھٹی کے مطابق ثاقب چدھڑ کا کہنا تھا کہ جب انہیں مومنہ اقبال کی پہلی شادی کا پتا چلا تو اداکارہ نے مانا تھا کہ شادی ہوئی تھی، تاہم وہ گھبرا گئی تھیں اور اس بارے میں انہیں پہلے نہیں بتا سکیں۔
مومنہ اقبال نے اس حوالے سے کہا کہ " نادرا یہاں پر ہے، آپ دیکھ لیں، پتا نہیں میرا کون سا نکاح ہوا ہے جس میں یہ گواہ تھے اور یہ مولوی تھے جنہوں نے نکاح کروایا۔"
اس پر ارشاد بھٹی نے سوال کیا کہ "نہیں ہوئی تھی آپ کی شادی؟" جس پر مومنہ اقبال نے واضح جواب دیا، "بالکل ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔"
گفتگو کے دوران ارشاد بھٹی نے مومنہ اقبال سے کہا کہ آپ نے بتایا تھا کہ میڈیا پر بات آنے سے پہلے آپ نے کئی اہم خواتین و حضرات کو ٹیلی فون کیے لیکن کسی نے جواب نہیں دیا۔
مومنہ اقبال نے بتایا کہ انہوں نے عظمیٰ بخاری اور مریم اورنگزیب کو فون کیا جبکہ حنا پرویز بٹ کو پیغام بھیجا تھا۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ ان تینوں کی جانب سے کیا جواب آیا تو مومنہ اقبال نے کہا کہ "کچھ بھی نہیں آیا تھا۔"
ثاقب چدھڑ کے ساتھ تنازع پر بات کرتے ہوئے مومنہ اقبال نے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ " ثاقب چدھڑ نے تو کھسروں والی جنگ لڑی ہے۔"
مومنہ اقبال کا کہنا تھا کہ "مرد اس طرح کی حرکت کرتے ہیں، اگر آپ میرے ساتھ مردوں والی جنگ کرتے تو میں اور میری بہن گھر بیٹھے ہوتے اور ہم اپنے مرد آگے کرتے۔"
اداکارہ نے مزید کہا کہ "آپ نے تو کھسروں والی جنگ لڑی ہے کہ عورتوں کے کپڑے پھاڑے ہیں، آپ نے کہا کہ میں نے یہ کھلایا، یہ پلایا۔"
گفتگو کے دوران مومنہ اقبال جذباتی بھی ہوگئیں۔ انہوں نے کہا کہ "میں جنگل کے قانون میں نہیں رہتی، میں آواز اٹھاتی تھی، اب آواز اٹھاؤں گی اور آگے بھی چلوں گی۔"
مومنہ اقبال نے مزید کہا، "میں زندہ ہوں اور مجھے زندہ رہنے دیا جائے۔"
Lahore 28°C
Karachi 30°C
Islamabad 26°C


