نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے شہریوں کو سوشل میڈیا کے محفوظ استعمال اور اہلخانہ کی ذاتی معلومات کے تحفظ کی ہدایت کی ہے۔

نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کے مطابق گھر کے روزمرہ معمولات سوشل میڈیا پر شیئر نہ کیے جائیں، کیونکہ معمولی معلومات کا اشتراک بھی سائبر سیکیورٹی کے خطرات بڑھا سکتا ہے۔

ٹیم نے ہدایت کی ہے کہ سوشل میڈیا پوسٹس میں گھر اور اہلخانہ سے متعلق معلومات شیئر کرنے سے گریز کیا جائے اور گھر کے معمولات اور اہلخانہ کی تفصیلات آن لائن شیئر نہ کی جائیں۔

نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے شہریوں کو سوشل میڈیا پوسٹس میں لوکیشن ٹیگز کے استعمال سے گریز کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ گھر اور باہر موجودگی سے متعلق معلومات سوشل میڈیا پر ظاہر نہ کی جائیں اور گھر سے باہر ہونے یا گھر میں موجود نہ ہونے کی اطلاع بھی شیئر نہ کی جائے۔

ٹیم کے مطابق اہلخانہ کی ذاتی معلومات کو آن لائن شیئرنگ سے محفوظ رکھا جائے۔ کم معلومات شیئر کرنا زیادہ تحفظ کی ضمانت ہے۔

نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے استعمال میں محتاط رہیں اور اہلخانہ کی پرائیویسی کا تحفظ یقینی بنائیں۔