امریکا: امریکی ادارے کیلیفورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (کیلٹیک) کے محققین نے ایک اہم خلائی تجربے میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایسا روبوٹ تیار کیا ہے جس نے خلابازوں کی مدد کے بغیر خلا میں ریفلیکٹر اینٹینا کا ایک حصہ جوڑ کر بنا لیا۔
اس کامیابی کو خلا میں بڑے اور پیچیدہ ڈھانچے تعمیر کرنے کی ٹیکنالوجی کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اس طریقہ کار سے مستقبل میں ایسے بڑے خلائی منصوبوں پر عمل درآمد ممکن ہوسکے گا جن کے اجزا کو مکمل حالت میں راکٹ کے ذریعے زمین سے بھیجنا مشکل ہوتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی دفاعی تحقیقاتی ادارے ڈارپا (DARPA) کی مالی معاونت سے تیار کردہ ASTRA روبوٹ نے کمپوزٹ فائبر ٹیوبز اور ایلومینیم کے جوڑ استعمال کرتے ہوئے 1.4 میٹر طویل ریفلیکٹر اینٹینا کا ایک حصہ تیار کیا۔
اس تجربے کی انفرادیت یہ ہے کہ تعمیر کے لیے درکار تمام اجزا کو پہلے محدود جگہ میں رکھ کر خلا تک پہنچایا گیا، جہاں روبوٹ نے خودکار انداز میں انہیں آپس میں جوڑ کر مطلوبہ ڈھانچہ تشکیل دیا۔
محققین کے مطابق اس ٹیکنالوجی کے عملی استعمال سے مستقبل میں خلائی دوربینوں، جدید مواصلاتی نظاموں اور شمسی توانائی کے بڑے منصوبوں کے لیے وسیع ڈھانچے خلا ہی میں تیار کرنا ممکن ہوسکے گا۔
ASTRA روبوٹ کا یہ تجربہ NOM4D پروگرام کا حصہ ہے، جس کا آغاز 2022 میں کیا گیا تھا۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد ایسی جدید ٹیکنالوجی تیار کرنا ہے جس کی مدد سے خلا میں بڑے ڈھانچے تعمیر کیے جاسکیں۔
منصوبے کے تحت رواں سال کے اختتام پر ایک اور تجربہ بھی متوقع ہے، جس میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) پر مینوفیکچرنگ کی جدید تکنیکوں کو آزمایا جائے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ ٹیکنالوجی آئندہ تجربات میں بھی کامیاب رہتی ہے تو مستقبل میں بڑے خلائی ڈھانچے مکمل تیار کرکے زمین سے بھیجنے کی ضرورت کم ہوسکتی ہے اور روبوٹس کی مدد سے خلا میں ہی مختلف تنصیبات تعمیر کی جاسکیں گی۔
Lahore 23°C
Islamabad 24°C


