اسلام آباد: پاکستان میں گزشتہ ایک سال کے دوران 94 لاکھ سے زائد سائبر حملوں کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ سائبر سیکیورٹی کمپنی کیسپرسکی کے مطابق ملک میں اس کے 24 فیصد صارفین کو ڈیوائسز پر سائبر خطرات کا سامنا کرنا پڑا جنہیں سیکیورٹی سسٹمز نے بروقت ناکام بنا دیا۔
کیسپرسکی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق نومبر 2025 سے اکتوبر 2026 کے دوران پاکستان میں 63 لاکھ سے زائد ڈیوائسز پر مبنی سائبر حملوں اور 31 لاکھ سے زیادہ ویب پر مبنی حملوں کی نشاندہی کی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس عرصے کے دوران پاکستان میں کیسپرسکی کے 15 فیصد صارفین کو ویب پر مبنی سائبر خطرات کا سامنا کرنا پڑا، جن میں فشنگ اور نقصان دہ ویب سائٹس کے ذریعے ذاتی معلومات اور ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے کی کوششیں شامل تھیں۔
کیسپرسکی نے یہ اعداد و شمار اسلام آباد میں منعقدہ سائبر تھریٹ انٹیلی جنس سمٹ 2026 کے موقع پر جاری کیے۔ رپورٹ میں سپلائی چین حملوں، مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال اور دیگر جدید سائبر خطرات کو پاکستان کے اداروں کے لیے اہم چیلنج قرار دیا گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ایکسپلائٹس کے ذریعے پاکستان میں 4 لاکھ 48 ہزار سے زائد حملے ریکارڈ کیے گئے، تاہم گزشتہ سال کے مقابلے میں ان کی تعداد میں 8 فیصد کمی ہوئی۔ اس کے برعکس بیک ڈور حملوں میں 50 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا اور ایسے حملوں کی تعداد 2 لاکھ 33 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
بیک ڈور حملوں کے ذریعے سائبر حملہ آور متاثرہ کمپیوٹرز تک دور سے رسائی حاصل کرکے فائلوں پر کنٹرول اور حساس معلومات چوری کر سکتے ہیں۔
رپورٹ میں رینسم ویئر کو بھی اداروں کے لیے ایک بڑا خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سپلائی چین اور قابل اعتماد کاروباری روابط کے ذریعے ہونے والے حملوں سے بچاؤ کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے۔
کیسپرسکی کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان میں سات سائبر حملہ آور گروپس کی سرگرمیوں کی نگرانی کی گئی، جن میں سائیڈ ونڈر بھی شامل ہے۔ کمپنی نے اپریل سے ستمبر 2026 کے دوران دنیا بھر میں ہیکنگ ٹولز کے استعمال کی 20 لاکھ سے زائد کوششوں کا بھی پتا لگایا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ سائبر حملہ آور اپنے حملوں کو زیادہ مؤثر بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت سے بھی مدد لے رہے ہیں۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے نقصان دہ سافٹ ویئر اور ٹولز کی تیاری تیز اور کم خرچ ہو رہی ہے، جس سے حملہ آور اپنی حکمت عملی میں تیزی سے تبدیلیاں لا سکتے ہیں۔
کیسپرسکی کی گلوبل ریسرچ اینڈ اینالیسس ٹیم کے سینئر سیکیورٹی ریسرچر یوسف عبدالمنعم کے مطابق سائبر حملہ آور اب قابل اعتماد کاروباری روابط، قانونی سافٹ ویئر ٹولز اور مصنوعی ذہانت جیسی ٹیکنالوجیز کا غلط استعمال کرکے اپنے حملوں کو مزید پیچیدہ بنا رہے ہیں۔
انہوں نے اداروں پر زور دیا کہ وہ جدید سائبر سیکیورٹی نظام، بالخصوص کیسپرسکی نیکسٹ ای ڈی آر اور ایکس ڈی آر جیسے سلوشنز سے استفادہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ سائبر خطرات سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے ملازمین کی تربیت اور آگاہی بھی ضروری ہے تاکہ وہ ممکنہ سائبر حملوں کی بروقت شناخت کر سکیں۔ اداروں کو اپنے ڈیجیٹل نظام کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات اور انٹیلی جنس پر مبنی حکمت عملی اپنانا ہوگی۔
Lahore 16°C
Islamabad 14°C


