وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ حکومت بجلی کی خریداری کے موجودہ نظام سے عملی طور پر باہر ہو رہی ہے، جس کے بعد بجلی پیدا کرنے والے اور استعمال کرنے والے صارفین براہِ راست آپس میں بجلی کی خرید و فروخت کر سکیں گے۔
اویس لغاری کے مطابق موجودہ نظام میں حکومت بجلی خرید کر عوام تک پہنچاتی ہے، تاہم بجلی کی خریداری سے متعلق شرائط پر عوام کی جانب سے ہمیشہ سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کا نام آج بدنام ہو چکا ہے اور حکومت اب بجلی کی خرید و فروخت کے نئے نظام کی جانب بڑھ رہی ہے۔
وفاقی وزیر توانائی نے بتایا کہ نئے نظام کے تحت بجلی کی خرید و فروخت شفاف طریقے سے ہوگی اور حکومت کو بجلی فروخت کرنے یا حکومت کی جانب سے بجلی خریدنے کا موجودہ طریقہ تبدیل ہو جائے گا۔
صنعتی صارفین سے نئے نظام کا آغاز ہوگا
وزیر توانائی کے مطابق بجلی کی براہِ راست خرید و فروخت کے نظام کا اطلاق پہلے مرحلے میں صنعتی اور بڑے صارفین پر ہوگا، جس میں ایک میگاواٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین مستفید ہو سکیں گے۔
اویس لغاری کا کہنا تھا کہ اس نظام کے تحت عام صارفین کو بھی اپنی مرضی سے بجلی خریدنے کا اختیار حاصل ہو سکے گا اور حکومت اپنی مقرر کردہ قیمتوں پر بجلی فروخت کرنے کے موجودہ طریقہ کار سے باہر ہو جائے گی۔
سستی بجلی سے صنعت کو فائدہ ہوگا ، اویس لغاری
وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ سستی بجلی کی فراہمی سے ملکی صنعت عالمی منڈی میں اپنی مسابقت برقرار رکھ سکے گی اور پاکستانی صنعتیں عالمی منڈیوں میں اپنی مصنوعات برآمد کرنے کے قابل ہوں گی۔
اویس لغاری نے کہا کہ حکومت اپنے کیے گئے وعدے پورے کر رہی ہے اور اس پیش رفت پر پوری قوم اور وزیراعظم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
Lahore 35°C


