اسلام آباد: ایس آئی ایف سی کی معاونت سے پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری، تجارت اور عالمی کاروباری روابط کے فروغ کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

اسی سلسلے میں سیکریٹری ایس آئی ایف سی نے آسٹریلوی ہائی کمشنر ٹموتھی کین اور پولیٹیکل اکنامک سیکریٹری سے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اقتصادی تعاون مزید مضبوط بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر گفتگو ہوئی، جبکہ پاکستان کے مختلف اہم شعبوں میں موجود سرمایہ کاری کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

فریقین نے کاروباری روابط اور اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے مختلف پہلوؤں پر بھی بات چیت کی۔ ملاقات میں اس امر پر زور دیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے۔

ایس آئی ایف سی پاکستان کے عالمی اقتصادی روابط کو وسعت دینے، غیر ملکی سرمایہ کاری راغب کرنے اور تجارت کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات پر کام کر رہی ہے۔