پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کا نیا نظام نافذ، وفاقی حکومت نے اوگرا کو نئی گائیڈ لائنز جاری کر دیں
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا نیا طریقہ کار متعارف کراتے ہوئے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے لیے نئی گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔ نئی پالیسی کے تحت یکم جولائی 2026 سے پیٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل، مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
دستاویزات کے مطابق اوگرا روزانہ نئی قیمتیں اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے گا اور اس کے لیے وفاقی حکومت سے پیشگی منظوری لینا ضروری نہیں ہوگا۔ تاہم ہفتہ اور اتوار کے روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
نئے نظام کے تحت پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتیں سات ورکنگ ڈیز کے اوسط عالمی نرخوں سے منسلک ہوں گی۔ پیٹرول کی قیمت درآمدی لاگت اور پریمیم کی بنیاد پر روزانہ مقرر کی جائے گی، جبکہ اگر کسی مدت میں درآمد نہ ہو تو سالانہ اوسط پریمیم کو بنیاد بنایا جائے گا۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت بھی درآمدی لاگت اور سات روزہ اوسط عالمی نرخوں کے مطابق طے ہوگی۔
حکومت نے شفافیت کو فروغ دینے کے لیے اوگرا کو ہدایت دی ہے کہ وہ یکم جولائی 2026 سے عالمی پلیٹس (Platts) ریفرنس قیمتیں بھی روزانہ اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے تاکہ عوام اور متعلقہ اداروں کو عالمی مارکیٹ کی صورتحال سے آگاہ رکھا جا سکے۔
دستاویز کے مطابق پیٹرولیم لیوی کابینہ کی مقررہ حد سے زیادہ عائد نہیں کی جا سکے گی، جبکہ اس میں کسی بھی قسم کی تبدیلی صرف وزارت خزانہ کی منظوری سے ممکن ہوگی۔
درآمدی پالیسی میں بھی اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ مالی سال 2027 کے دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل کی درآمد صرف پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO) کرے گا، جبکہ پیٹرول کی درآمد آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (OMCs) کو ان کے مارکیٹ شیئر کے مطابق کرنے کی اجازت ہوگی۔ درآمدی شرائط کی خلاف ورزی کرنے والی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو نو ماہ تک درآمد کے لیے نااہل قرار دیا جا سکے گا۔
وفاقی حکومت نے اوگرا کو ہدایت جاری کی ہے کہ نئے قیمتوں کے نظام پر فوری طور پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ قیمتوں کے تعین میں شفافیت، عالمی منڈی سے ہم آہنگی اور بروقت معلومات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔
Lahore 35°C
Karachi 31°C


