اسلام آباد: پاکستان اور لتھوانیا نے دوطرفہ سیاسی تعلقات، تجارت، اقتصادی تعاون اور عوامی روابط کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور لتھوانیا کے درمیان آٹھویں دور کا دوطرفہ سیاسی مشاورتی اجلاس ورچوئل طور پر منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک کے وفود نے شرکت کی۔ پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری یورپ سفیر عائشہ علی نے کی، جبکہ لتھوانیا کے وفد کی سربراہی نائب وزیر ودمانتاس وربیکاس نے کی۔
اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ فریقین نے نجی شعبے، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سروسز کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں ویزا اور قونصلر امور کے علاوہ پیشہ ور افراد، طلبہ اور کاروباری شخصیات کی آمدورفت آسان بنانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان اور لتھوانیا نے کثیرالجہتی فورمز پر قریبی رابطہ کاری جاری رکھنے اور اہم علاقائی و عالمی امور پر مشاورت برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر لتھوانیا نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو بھی سراہا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان سیاسی مشاورت کا اگلا دور باہمی طور پر طے شدہ تاریخ پر منعقد ہوگا۔
Lahore 23°C


