اسلام آباد: پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کا آغاز آج اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں ہو رہا ہے، جس میں عالمی سرمایہ کاروں، معدنیات کے ماہرین اور بین الاقوامی شراکت داروں کی شرکت متوقع ہے۔

فورم کے انعقاد کے موقع پر اسلام آباد عالمی سرمایہ کاری اور معدنیات کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے بین الاقوامی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ حکومت پاکستان کی جانب سے عالمی سرمایہ کاروں اور متعلقہ شعبوں کے نمائندوں کا خیرمقدم کیا جا رہا ہے۔

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم میں ملکی معدنی وسائل، قدرتی ذخائر اور سرمایہ کاری کے امکانات کو اجاگر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ معدنیات کی تلاش، کان کنی، پراسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن کے شعبوں میں بین الاقوامی تعاون اور مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی توجہ دی جائے گی۔

فورم کا بنیادی مقصد پاکستان کے معدنی وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لاتے ہوئے معاشی ترقی کو فروغ دینا، غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنا اور عالمی شراکت داری کو وسعت دینا ہے۔