اسلام آباد: پاکستان عالمی معدنی سپلائی چین میں اپنا کردار بڑھانے اور معدنی وسائل کو عالمی منڈیوں سے منسلک کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026، 12 اور 13 نومبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس میں عالمی سرمایہ کاروں اور کان کنی کے شعبے کے ماہرین کی شرکت متوقع ہے۔
فورم کا بنیادی مقصد معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ، پالیسی اصلاحات اور کاروبار کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔ اس موقع پر بین الاقوامی نمائش بھی منعقد کی جائے گی، جس میں معدنی شعبے سے متعلق مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے گا۔
فورم کے مختلف سیشنز میں معدنی وسائل کی تلاش سے لے کر منصوبوں کی ترقی تک مالی معاونت کے طریقوں، سرمایہ کاری کے خطرات اور منصوبوں کی مؤثر تکمیل سے متعلق امور پر غور کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے مالیاتی اداروں، قرض دہندگان اور متعلقہ شعبوں کے ماہرین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
اجلاس میں مقامی افرادی قوت کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور ادارہ جاتی استعداد میں اضافے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ارضیاتی سروے کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون، معلومات کے تبادلے اور تکنیکی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔
عالمی سطح پر لیتھیم سمیت مختلف معدنیات کی بڑھتی ہوئی اہمیت پاکستان کے لیے سرمایہ کاری کے نئے امکانات پیدا کر رہی ہے۔ توانائی، ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر اور نقل و حمل کے شعبوں میں معدنی وسائل کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر پاکستان کے معدنی ذخائر کو عالمی منڈیوں تک رسائی دینے کی اہمیت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کو عالمی شراکت داری کے فروغ، طویل المدتی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور معدنی شعبے میں نئے منصوبوں کی راہ ہموار کرنے کی ایک اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
Lahore 28°C


