اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری کی زیر صدارت آبی زراعت اور جھینگا ویلیو چین سے متعلق ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں پاکستان میں جھینگا فارمنگ کے فروغ، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات میں اضافے کے لیے لائحہ عمل تیار کرنے پر غور کیا گیا۔

جنید انوار چوہدری کے مطابق جھینگا فارمنگ کے شعبے کی ترقی کے لیے 24 ماہ پر مشتمل منصوبہ زیر غور ہے، جبکہ اس مقصد کے لیے سات تکنیکی ورکنگ گروپس بھی قائم کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کمیٹی 120 دن کے اندر اپنی تجاویز وزیراعظم کو پیش کرے گی۔ اس عمل کے تحت متعلقہ اداروں کی مہارت اور تجربے کو یکجا کیا جائے گا تاکہ جھینگا فارمنگ کے شعبے کو فروغ دینے اور برآمدات بڑھانے کے لیے مؤثر اقدامات تجویز کیے جا سکیں۔

وفاقی وزیر کے مطابق تکنیکی ورکنگ گروپس جھینگا فارمنگ کی ترقی میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی کریں گے اور ان کے حل کے لیے قابلِ عمل تجاویز پیش کریں گے۔ اس کے علاوہ شعبے سے متعلق بنیادی اعداد و شمار جمع کرنے اور مرتب کرنے پر بھی توجہ دی جائے گی تاکہ مستقبل کی منصوبہ بندی کو مؤثر بنایا جا سکے۔

جنید انوار چوہدری نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت وفاقی اور صوبائی ادارے پہلی مرتبہ مشترکہ طور پر کام کریں گے۔ مختلف اداروں کے درمیان تعاون سے جھینگا فارمنگ کے شعبے کو ترقی دینے، پیداوار میں اضافے اور برآمدات کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔

وفاقی وزیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ مشترکہ حکمت عملی اور ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے پاکستان کی بلیو اکانومی کو فروغ ملے گا اور آبی وسائل سے معاشی فوائد حاصل کرنے کے نئے راستے کھلیں گے۔