اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک بھر میں خشک سالی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد سندھ کے مختلف اضلاع کے لیے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ای او سی کے مطابق سندھ کے اضلاع عمرکوٹ، تھرپارکر، میرپورخاص اور سجاول کے بعض علاقوں میں خشک سالی کا شدید خطرہ موجود ہے، جس کے پیش نظر صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان کے اضلاع چاغی اور واشک کے بعض علاقوں میں بھی خشک سالی کی صورتحال سامنے آئی ہے۔
این ای او سی کا کہنا ہے کہ معمول سے کم بارشیں، طویل خشک موسم، درجہ حرارت میں اضافہ اور مون سون بارشوں کے معمول میں تبدیلی خشک سالی کی اہم وجوہات ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سندھ کے متاثرہ علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے ایک سے تین ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ پانی کی کمی کے باعث زرعی سرگرمیاں اور فصلوں کی پیداوار بھی شدید متاثر ہو رہی ہیں، جس سے غذائی عدم تحفظ کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ آبی وسائل کے مؤثر استعمال اور متاثرہ زرعی و دیہی آبادی کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
اتھارٹی نے عوام کو بھی ہدایت کی ہے کہ فصلوں اور مویشیوں کے تحفظ کے لیے متعلقہ محکموں کی ہدایات پر عمل کریں اور ضروری حفاظتی اقدامات اختیار کریں۔
این ڈی ایم اے نے موسم اور ممکنہ خطرات سے متعلق مستند معلومات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ سے رہنمائی حاصل کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
Lahore 15°C
Islamabad 12°C


