واٹس ایپ نے چینل ایڈمنز کے لیے ایک نئے فیچر پر کام شروع کر دیا ہے، جس کے ذریعے صارفین اپنی چینل اپڈیٹس کو پہلے سے شیڈول کرکے مقررہ تاریخ اور وقت پر خودکار طور پر شائع کر سکیں گے۔
رپورٹس کے مطابق یہ فیچر ابھی ابتدائی تیاری کے مرحلے میں ہے اور فی الحال بیٹا صارفین کے لیے دستیاب نہیں کیا گیا۔ اس فیچر کو واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ بیٹا ورژن 2.26.33.5 میں دیکھا گیا ہے۔
نئے فیچر کے ذریعے چینل ایڈمن کسی بھی اپڈیٹ کے لیے اپنی مرضی کی تاریخ اور وقت مقرر کر سکے گا ۔ شیڈول ہونے کے بعد اپڈیٹ مقررہ وقت پر خودکار طور پر شائع ہوجائے گی، جس کے لیے ایڈمن کا آن لائن ہونا یا واٹس ایپ کھلا رکھنا ضروری نہیں ہوگا۔
اطلاعات کے مطابق اپڈیٹ شیڈول کرنے کے لیے ایڈمن کو سینڈ بٹن کو دبا کر رکھنا ہوگا، جس کے بعد تاریخ اور وقت منتخب کرنے کا آپشن سامنے آئے گا۔
شیڈول کی گئی پوسٹس چینل کے انفو سیکشن میں بھی نظر آسکیں گی، جہاں ایڈمن انہیں اشاعت سے قبل دیکھنے اور ممکنہ طور پر ان کا انتظام کرنے کے قابل ہوگا۔
یہ سہولت خاص طور پر ان چینل ایڈمنز کے لیے کارآمد ثابت ہوسکتی ہے جو باقاعدگی سے خبریں، اعلانات یا دیگر مواد شائع کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ان کی پوسٹس مخصوص اوقات میں خودکار طور پر فالوورز تک پہنچیں۔
تاہم، واٹس ایپ نے تاحال اس فیچر کی باضابطہ ریلیز یا عام صارفین کے لیے دستیابی کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔ فیچر کی آزمائش کے دوران اس میں مزید تبدیلیاں بھی کی جا سکتی ہیں۔
Lahore 37°C


