اسلام آباد : وزیراعظم پیٹرول ریلیف اسکیم کے تحت پیٹرول پمپس کو رقوم کی ادائیگی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے مطابق 16 ستمبر کی مد میں 868 پیٹرول پمپس کو مجموعی طور پر ایک کروڑ 22 لاکھ 36 ہزار 500 روپے ادا کیے گئے ہیں۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ مذکورہ 868 پیٹرول پمپس کی جانب سے جمع کرائے گئے کلیمز کی مکمل رقم ان کے اکاؤنٹس میں منتقل کر دی گئی ہے۔

وزیراعظم ریلیف اسکیم کے تحت رجسٹرڈ شہریوں کو فی لیٹر 100 روپے سستے پیٹرول کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے ڈیجیٹل نظام فعال ہے، جس کے ذریعے رجسٹرڈ افراد حکومتی ریلیف حاصل کر رہے ہیں۔

ملک بھر کے مختلف فیول پمپس پر رجسٹرڈ شہریوں کو رعایتی نرخ پر پیٹرول کی فراہمی جاری ہے، جبکہ حکومتی ریلیف کی فراہمی کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔

وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ کے مطابق اب تک 10 لاکھ افراد وزیراعظم پیٹرول ریلیف اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔