اسلام آباد میں نو تعمیر شدہ یادگارِ فتح کی افتتاحی تقریب آج 13 اگست کی شب منعقد کی جائے گی۔ تقریب اسلام آباد ہائی وے پر حال ہی میں تعمیر کی گئی. یادگار کے مقام پر ہوگی، جس میں شرکت کے لیے خصوصی دعوت نامے جاری کیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق سکیورٹی انتظامات کے پیش نظر صرف مدعو مہمانوں کو تقریب میں شرکت کی اجازت ہوگی جبکہ عام شہریوں کو تقریب کے مقام کی جانب جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

سکیورٹی انتظامات کے باعث اسلام آباد جانے والی ایکسپریس وے کو کھنہ پل سے بند کر دیا جائے گا۔ ٹریفک کی یہ پابندی 14 اگست کی شام تک برقرار رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی فیلڈ مارشل عاصم منیر ہوں گے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف، صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور دیگر وفاقی وزرا سمیت اہم شخصیات بھی تقریب میں شریک ہوں گی۔

نو تعمیر شدہ عمارت کو ’یادگارِ فتح‘ کا نام دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یادگار کی تعمیر کا مقصد قوم اور آنے والی نسلوں کو ’معرکۂ بنیان مرصوص‘ میں حاصل ہونے والی کامیابی سے روشناس کرانا اور پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔

یادگار کی تعمیر کے حوالے سے ماحولیاتی اثرات بھی زیرِ بحث رہے ہیں۔ اس منصوبے کے لیے مختص رقبے میں موجود بڑی تعداد میں درختوں کی کٹائی کے باعث ماحول پر منفی اثرات مرتب ہونے کی بات کی گئی ہے۔ ماضی میں اس علاقے، خصوصاً آئی ایٹ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں موجود گھنے درخت مقامی ماحول کو نسبتاً خوشگوار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے تھے، تاہم وقت کے ساتھ اس سبزے میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

مقامی سطح پر یہ خدشات بھی سامنے آئے ہیں کہ درختوں میں کمی کے باعث علاقے کے درجہ حرارت اور ماحولیاتی کیفیت پر اثر پڑ سکتا ہے۔ ماحولیاتی تحفظ کے ماہرین کے مطابق بڑے ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ شجرکاری اور سبزہ بحال کرنے کے اقدامات بھی ضروری ہیں۔

دوسری جانب یادگارِ فتح کی تعمیر سے اسلام آباد میں ایک نئے عوامی اور سیاحتی مقام کا اضافہ ہوا ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ یہ مقام آنے والی نسلوں کو پاکستان کی دفاعی تاریخ، قومی سلامتی اور ملک کی دفاعی صلاحیتوں سے آگاہ کرنے میں کردار ادا کرے گا۔