اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) تعمیر و ترقی کی علامت ہے جبکہ تحریک انصاف بربادی اور تباہی کی علامت ہے، اور یہی حق و باطل اور سچ و جھوٹ کا فرق ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وہ تحریک انصاف کے بیانیے کو بے نقاب کریں گے اور گزشتہ کئی سال سے پی ٹی آئی رہنماؤں سے یہ پوچھتے آ رہے ہیں کہ ’’Absolutely Not‘‘ کس کو کہا گیا تھا اور کس مطالبے کے جواب میں کہا گیا تھا۔

وفاقی وزیر نے الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف جھوٹا بیانیہ بنانے اور جھوٹی ریلز بنانے میں آگے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو ’’کیا ہم کوئی غلام ہیں؟‘‘ کے نعرے کے پیچھے لگا دیا گیا۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا ’’تم پوچھتے ہو کہ کیا ہم کوئی غلام ہیں؟ ہاں، تم غلام ہو، تم ذہنی غلام ہو۔‘‘

انہوں نے بیرون ملک مقیم پی ٹی آئی کارکنوں اور حامیوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ باہر بیٹھے ہیں وہ واپس کیوں نہیں آتے اور پاکستان کے خلاف بیانیہ کیوں بناتے ہیں۔ ان کے بقول یہ لوگ بیرون ملک رہ کر ڈالروں میں کمائی کرتے ہیں اور پاکستان کو گالیاں دیتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے بیرون ملک موجود افراد کا پاکستان کی مٹی سے کوئی تعلق نہیں اور انہیں ’’بہروپیے‘‘ اور ’’مکار لوگ‘‘ قرار دیا۔

عطا اللہ تارڑ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان 27 ستمبر کے احتجاج کے معاملے پر شدید سیاسی اختلافات جاری ہیں۔ وفاقی وزیر اس سے قبل بھی پی ٹی آئی کے احتجاج اور اسلام آباد آنے کی مخالفت کر چکے ہیں۔