وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارت، معیشت، سیاحت، سیاست، ثقافت اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی روابط بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان توانائی، سیاحت اور مشترکہ سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان اپنی علاقائی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک دوسرے کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مزید تعاون کر سکتے ہیں۔

ملاقات میں محسن نقوی نے کہا کہ تہران اور اسلام آباد کے درمیان تعلقات اعلیٰ سطح پر ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان ایران کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تیار ہے۔

دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی تعاون اور پاکستان ایران تعلقات کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔