وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو تیرہ برس صرف دھرنے، انتشار، گالم گلوچ اور سستے ٹرینڈز ملے۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ آج اگر خیبر پختونخوا گورنر راج اور ایمرجنسی کی باتیں سن رہا ہے تو یہ عوام کا نہیں بلکہ تیرہ سالہ نااہلی کا قصور ہے۔
https://x.com/MaryamNSharif/status/2109647983671410962?s=20
انہوں نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا ایک ہی ملک، ایک ہی آئین اور ایک ہی قومی خزانے کے حصہ دار ہیں، پھر ایک صوبے میں ترقی کا سفر اور دوسرے میں تنزلی اور بدامنی کیوں ہے؟ ان کے مطابق فرق وسائل کا نہیں بلکہ نیت اور اہلیت کا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اگر پنجاب ستھرا ہو سکتا ہے تو خیبر پختونخوا کیوں نہیں؟ اگر پنجاب کے ہونہار بچوں کو اسکالرشپ مل سکتی ہے تو خیبر پختونخوا کے بچوں کو کیوں نہیں؟ اگر پنجاب کی مائیں بے فکر ہیں تو خیبر پختونخوا کی مائیں خوف میں کیوں ہیں؟
انہوں نے کہا کہ اگر پنجاب میں گرین الیکٹرو بسیں چل سکتی ہیں تو خیبر پختونخوا میں کیوں نہیں؟ اگر پنجاب کے گاؤں تک پختہ سڑکیں پہنچ سکتی ہیں تو خیبر پختونخوا کی سڑکیں ادھوری کیوں ہیں؟ اگر پنجاب میں مفت دوا، فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویلز کی سہولیات دستیاب ہیں تو خیبر پختونخوا کا مریض بے بس کیوں ہے؟
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ان تمام سوالات کا جواب تیرہ سالہ انتشار اور نااہلی ہے۔
مریم نواز کے مطابق پنجاب نے ثابت کر دیا کہ حکومتیں بڑھکوں سے نہیں بلکہ کام، کام اور کام سے چلتی ہیں۔ خیبر پختونخوا کو اب انتشار نہیں، خدمت چاہیے۔
Lahore 21°C
Karachi 28°C


