اسلام آباد: کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کو دسمبر میں فی یونٹ اضافی ادائیگیاں کرنا پڑ سکتی ہیں، کیونکہ سہ ماہی اور ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کی مد میں بجلی کی قیمت میں مجموعی طور پر 4 روپے 22 پیسے اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت دسمبر میں بجلی کی قیمتوں سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں صارفین پر پڑنے والے ممکنہ اضافی مالی بوجھ اور بجلی کے نرخوں میں تبدیلی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اس وقت بجلی صارفین سہ ماہی اور ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کی مد میں فی یونٹ 2 روپے 89 پیسے ادا کر رہے ہیں، تاہم دسمبر میں یہ رقم بڑھ کر 4 روپے 22 پیسے فی یونٹ ہونے کا امکان ہے۔

اس ممکنہ اضافے کے نتیجے میں نومبر کے مقابلے میں صارفین پر فی یونٹ ایک روپے 33 پیسے کا اضافی بوجھ پڑ سکتا ہے۔ اس کا اطلاق کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین پر متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کو بجلی کی قیمتوں سے متعلق صورتحال اور ممکنہ اضافے کی تفصیلات سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے کوشش کی جارہی ہے کہ بجلی کے نرخوں میں اضافے کے اثرات کو کم سے کم رکھا جائے تاکہ عوام پر اضافی مالی دباؤ نہ پڑے۔

دوسری جانب بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے جولائی سے ستمبر 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت نیپرا میں درخواست جمع کرائی ہے، جس میں آئندہ تین ماہ کے لیے بجلی فی یونٹ ایک روپے 34 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری طلب کی گئی ہے۔ اس درخواست پر نیپرا میں سماعت مکمل ہوچکی ہے، تاہم حتمی فیصلہ تاحال جاری نہیں کیا گیا۔

علاوہ ازیں اکتوبر 2026 کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے تحت سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے بھی بجلی کی قیمت میں 2 روپے 88 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دائر کر رکھی ہے، جس کا اطلاق بھی دسمبر میں ہونے کا امکان ہے۔