اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملکی ضروریات پوری کرنے کے لیے 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تیسرا بین الاقوامی ٹینڈر جاری کردیا ہے، جس کے تحت عالمی سپلائرز سے بولیاں طلب کرلی گئی ہیں۔
ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کی جانب سے جاری کردہ ٹینڈر کے مطابق گندم کی درآمد کے لیے بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 نومبر مقرر کی گئی ہے۔ اسی روز دوپہر ڈھائی بجے تکنیکی بولیاں کھولی جائیں گی۔ ٹینڈر میں حصہ لینے والے سپلائرز کے لیے کم از کم 50 ہزار میٹرک ٹن گندم کی پیشکش دینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق بھارت، اسرائیل اور دیگر ممنوعہ ممالک سے گندم درآمد کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ جنگ سے متاثرہ علاقوں میں موجود کمپنیوں کو متبادل ممالک سے گندم کی فراہمی کی پیشکش بھی دینا ہوگی۔
ٹینڈر میں شرکت کے خواہشمند عالمی سپلائرز کے لیے کم از کم پانچ سال کا برآمدی تجربہ اور گزشتہ پانچ برس کے دوران کم از کم 50 ہزار ٹن گندم برآمد کرنے کی شرط رکھی گئی ہے۔
درآمد کی جانے والی گندم 2026 کی نئی فصل سے حاصل شدہ ہونی چاہیے۔ اس میں نمی کی زیادہ سے زیادہ مقدار 14.5 فیصد، پروٹین کم از کم 10 فیصد اور ویٹ گلوٹن کی شرح کم از کم 23 فیصد مقرر کی گئی ہے۔ مقررہ معیار پر پورا نہ اترنے والی گندم مسترد کردی جائے گی، جبکہ ٹھیکے کا فیصلہ مجموعی کم ترین لاگت کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
گندم کی ترسیل کے لیے دو مراحل طے کیے گئے ہیں۔ پہلے مرحلے میں 4 لاکھ میٹرک ٹن گندم 25 دسمبر 2026 سے 5 جنوری 2027 کے دوران پاکستان روانہ کرنا ہوگی، جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 4 لاکھ میٹرک ٹن گندم 6 سے 15 جنوری 2027 کے درمیان روانہ کی جائے گی۔
ٹینڈر کی شرائط کے مطابق درآمد کی جانے والی مکمل 8 لاکھ میٹرک ٹن گندم 15 فروری 2027 تک کراچی یا گوادر کی بندرگاہوں پر پہنچانا ضروری ہوگا۔ مقررہ مدت میں ترسیل نہ ہونے پر سپلائرز کو فی ٹن یومیہ 25 امریکی سینٹ جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
ٹی سی پی نے ٹینڈر میں گندم کی مجموعی مقدار میں 10 فیصد کمی یا اضافے کی گنجائش بھی رکھی ہے، جس کے تحت ضرورت کے مطابق درآمدی مقدار میں ردوبدل کیا جاسکے گا۔
Lahore 22°C
Islamabad 22°C


