اسلام آباد: وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث کے حل کے لیے ملک میں ریفرنڈم کرانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے کا فیصلہ عوام کی رائے کے مطابق ہونا چاہیے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نئے صوبوں کا معاملہ انتہائی متنازع ہوچکا ہے، اس لیے اب بہتر یہی ہے کہ عوام سے براہ راست رائے حاصل کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی موجودہ بحرانی صورتحال میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق عوامی رائے لینے میں کوئی حرج نہیں۔ ریفرنڈم کے ذریعے اس معاملے پر عوام کا واضح مؤقف سامنے آسکتا ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے معاملے کو سیاسی طور پر اس حد تک متنازع بنا دیا گیا ہے کہ اس کا فیصلہ عوام کی رائے کے ذریعے کرنا ہی مناسب ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ریفرنڈم کے معاملے پر خون کی ندیاں بہانے کی بات کر رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب بعض حلقوں کا دعویٰ ہے کہ ملک کی 83 فیصد آبادی نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتی ہے۔
Lahore 22°C
Islamabad 22°C


