اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ وفاقی اداروں میں بدعنوانی کے امکانات کی نشاندہی اور انتظامی خامیوں کو دور کرنے کے لیے تقریباً 400 اصلاحاتی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں، جن میں سے 146 اقدامات پر آئندہ 2 سال جبکہ 159 پر 5 سال کے دوران عمل درآمد کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں وفاقی وزرا عطا اللہ تارڑ اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے نیشنل رسک اسیسمنٹ آف کرپشن ولنریبلٹیز کے تحت تیار کردہ رپورٹ جاری کی۔ انہوں نے بتایا کہ اس جائزے کا مقصد وفاقی اداروں میں بدعنوانی کے ممکنہ خطرات کی نشاندہی کرکے شفافیت، میرٹ اور بہتر طرز حکمرانی کو فروغ دینا ہے۔
وزیر قانون کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے گڈ گورننس اور ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے مختلف اقدامات شروع کیے ہیں، اسی سلسلے میں وزارت قانون و انصاف نے متعلقہ اداروں کے تعاون سے یہ جامع رپورٹ تیار کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رپورٹ کسی سرکاری ادارے کے خلاف چارج شیٹ نہیں بلکہ انتظامی بہتری اور اصلاحات کے لیے ایک عملی دستاویز ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قومی جائزے کے لیے 25 وفاقی اداروں کا انتخاب کیا گیا، جن میں سے 10 اداروں کے تفصیلی انڈیکیٹرز مرتب کیے گئے۔ اس عمل میں 300 سے زائد انڈیکیٹرز، آڈٹ رپورٹس، تحقیقاتی اداروں کے اعداد و شمار اور ریگولیٹری اتھارٹیز کے کردار کو مدنظر رکھا گیا۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ حکومت نے پہلی مرتبہ خود احتسابی کے تحت وفاقی اداروں کی کمزوریوں کا جائزہ لینے کا جامع عمل مکمل کیا ہے۔ رپورٹ بین الاقوامی اداروں کے ساتھ بھی شیئر کی جائے گی جبکہ صوبے بھی اس طریقہ کار سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
بجلی کے شعبے میں 3500 ارب روپے کی بچت متوقع ہے، وزیر قانون
وفاقی وزیر قانون نے بتایا کہ بجلی کے شعبے میں معاہدوں پر نظرثانی اور اصلاحات کے نتیجے میں 3500 ارب روپے کی بچت متوقع ہے۔ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل اوپن آکشن اور مسابقتی بولی کے ذریعے مکمل کیا گیا ہے جبکہ غیر ضروری سرکاری اداروں کا حجم کم کرنے کے لیے رائٹ سائزنگ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک پی ڈبلیو ڈی کو بند کرکے ملازمین کے لیے پیکج تیار کیا گیا ہے جبکہ پاسکو کی بندش کا عمل بھی جاری ہے اور اس حوالے سے متبادل انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
ان کے مطابق نوجوانوں اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے 3200 ارب روپے کا مالیاتی پیکج متعارف کرایا گیا ہے، جس کی پیش رفت کی وزیراعظم خود نگرانی کر رہے ہیں۔ متوسط طبقے کے لیے 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کا پروگرام بھی شروع کیا گیا ہے۔
ٹیکس وصولیوں میں 4 ہزار ارب روپے کا اضافہ
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ ایف بی آر میں ٹیکس وصولیوں کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے وسیع پیمانے پر اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں، گزشتہ 4 سال کے دوران ٹیکس وصولیوں میں تقریباً 4 ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ٹیکس وصولیوں کا حجم 9400 ارب روپے سے بڑھ کر تقریباً ساڑھے 13 ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا ہے جبکہ ٹیکس دہندگان کی تعداد 37 لاکھ سے بڑھ کر 70 لاکھ ہو چکی ہے۔
وزیر قانون کے مطابق کسٹمز میں شکایات کے ازالے کے لیے فیس لیس نظام متعارف کرایا گیا ہے جبکہ انسانی مداخلت اور صوابدیدی اختیارات محدود کرنے کے لیے ایف بی آر کے آڈٹ نظام کو ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس ٹربیونلز میں تقرریاں میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر کی گئی ہیں۔ وزیراعظم نے تقرریوں کے حوالے سے اپنا صوابدیدی اختیار بھی استعمال نہ کرنے کا فیصلہ کیا، جبکہ چیف جسٹس پاکستان، فیڈرل پبلک سروس کمیشن اور آزاد مالیاتی ماہرین کی مشاورت سے تقرریوں کا عمل مکمل کیا گیا۔
سرکاری امور پیپر لیس نظام کے تحت انجام دیے جا رہے ہیں
اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ پاکستان ڈیجیٹل نیشن ایکٹ کے تحت ڈیجیٹل اتھارٹی قائم کی گئی ہے اور وفاقی حکومت پیپر لیس نظام کی جانب منتقل ہو چکی ہے۔ ای آفس کے ذریعے سرکاری امور انجام دیے جا رہے ہیں جبکہ ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے کاغذی کارروائی، انسانی صوابدید اور نقد لین دین کو کم کرنا حکومتی ترجیحات میں شامل ہے۔
Lahore 16°C
Islamabad 14°C


