اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے آج وکیل کی ملاقات ہوئی، جو تقریباً 40 منٹ تک جاری رہی۔

وکیل کے مطابق جیل حکام نے آج شام 4 بج کر 30 منٹ پر عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کرائی۔ بار بار درخواستیں دینے کے باوجود گزشتہ 7 ماہ کے دوران پہلی مرتبہ عمران خان سے ملاقات کا موقع ملا، جبکہ بشریٰ بی بی سے 11 ماہ بعد ملاقات ہوئی۔

وکیل کا کہنا تھا کہ 40 منٹ کا مختصر دورانیہ تمام زیرِ سماعت مقدمات اور قانونی معاملات پر تفصیلی گفتگو کے لیے ناکافی تھا۔

ملاقات کے دوران عمران خان اور بشریٰ بی بی نے اپنی صحت اور جیل میں موجود حالات سے آگاہ کیا۔ دونوں نے مختلف مقدمات اور قانونی معاملات کے حوالے سے نئی ہدایات بھی دیں۔

وکیل کے مطابق ملاقات میں قانونی مقدمات سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور آئندہ کی قانونی حکمت عملی کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔