آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کا نظام ختم کرکے پرانا ماہانہ طریقہ کار بحال کرنے کا مطالبہ کردیا۔

ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی سے پیٹرول پمپ مالکان اور عوام دونوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ اس سے کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔

ایسوسی ایشن کے مطابق قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کے باعث پیٹرول پمپ مالکان کو خریداری اور فروخت میں مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ سرمائے کے انتظام، خریداری اور کاروباری امور کی منصوبہ بندی بھی متاثر ہوتی ہے۔

نیوز کانفرنس میں مطالبہ کیا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ نظام ختم کرکے ماہانہ قیمتوں کا نظام بحال کیا جائے، جبکہ قیمتوں کے تعین کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے۔

آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن کے ساتھ فوری مذاکرات کیے جائیں تاکہ درپیش مسائل کا حل نکالا جا سکے۔