اسلام آباد ہائیکورٹ میں بیرئیر ہٹانے کے کیس میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی سزا کے خلاف اپیلوں پر آج سماعت نہیں ہو سکے گی، عدالت نے آج کی کاز لسٹ ایک بار پھر اچانک منسوخ کر دی۔

اپیلوں پر سماعت جسٹس انعام امین منہاس اور جسٹس ایاز شوکت پر مشتمل بینچ نے کرنا تھی، تاہم کاز لسٹ منسوخ ہونے کے باعث کیس کی کارروائی آگے نہیں بڑھ سکے گی۔

ہائی کورٹ انتظامیہ کے مطابق ججز کی سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کے ساتھ میٹنگ کے باعث آج کی کاز لسٹ منسوخ کی گئی ہے۔

دوسری جانب کاز لسٹ کی اچانک منسوخی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس اقدام سے ایک مخصوص سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے افراد کو انصاف کی فراہمی میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اس حوالے سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایک مقدمے کی سماعت رکنے سے دیگر متعدد مقدمات بھی التوا کا شکار ہوئے، جو عدالتی نظام کے لیے تشویش اور لمحہ فکریہ ہے۔

واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے بیرئیر ہٹانے کے کیس میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو 10، 10 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ دونوں ملزمان نے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر کر رکھی ہیں۔