کراچی : سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کراچی میں جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اور بدامنی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتجاج کی آڑ میں شہر کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سیاسی احتجاج ہر جماعت کا حق ہے، تاہم کسی کو عوامی املاک کو نقصان پہنچانے، سڑکیں بند کرنے یا شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کو ہنگامہ آرائی کے ذریعے یرغمال بنانے کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ضابطے کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
سندھ کے سینئر وزیر کے مطابق شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورنگی میں پیش آنے والے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو فوری تحقیقات کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس کو ہدایت کی کہ حالات خراب کرنے میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کورنگی کراسنگ پر موٹر سائیکلوں کو آگ لگانے کے واقعے میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری اور مکمل تحقیقات کے بعد رپورٹ پیش کرنے کا بھی حکم دیا۔
حکومت سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی میں امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے قانون کے مطابق اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
Lahore 35°C
Karachi 31°C


