گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس گورنر ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہفتے کے ساتوں دن 24 گھنٹے کام کرنا ہوگا۔ ریاست، وفاق اور عوام نے ہم پر اعتماد کیا ہے، اب تین ماہ میں اپنی کارکردگی دکھانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ فوٹو سیشن کے بجائے عملی کام پر توجہ دی جائے اور کارکردگی واضح طور پر نظر آنی چاہیے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں پانی، سستی بجلی، تیل، گیس، مائنز اینڈ منرلز، تمباکو اور سیاحت سمیت بے شمار وسائل موجود ہیں۔ امن قائم ہوگا تو دنیا یہاں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ جب ملک اور صوبے کی تاریخ لکھی جائے تو خیبرپختونخوا کا ذکر اچھے الفاظ میں ہونا چاہیے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ ماضی میں وفاق اور صوبے کے درمیان رابطوں کا فقدان تھا، تاہم اب کوئی خلا نہیں ہوگا اور دونوں حکومتیں ایک پیج پر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ساتھ چلنے کے لیے تیار ہیں، انہیں ساتھ لے کر چلیں، بصورت دیگر انہیں تبدیل کر دیا جائے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ آج وہ پہلا دن ہے جب وہ فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ایک پیج پر ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جب حکومت قیادت کرے گی تو یہی فورس اور یہی لوگ نتائج دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں، مشکل وقت بھی آئے گا اور اتار چڑھاؤ بھی ہوں گے، تاہم سب کو اپنا کام جاری رکھنا ہوگا۔
وزیرداخلہ کا کہنا ہے کہ اُن کا خیال تھا کہ ہم سڑکیں بلاک کرینگے، پورے صوبے میں آگ لگائیں گے، اُن کے میسجز آپ کے سامنے ہیں، کوئی ڈھکے چُھپے نہیں ہیں کہ ہم پورے صوبے کو جام کر دینگے، آپ دیکھ لیں کہ کیا صورتحال ہے، انڈیپنڈنٹ لوگوں سے پوچھ لیں کہ کیا صورتحال ہے ۔
Lahore 21°C
Karachi 28°C


