پاکستان بھر میں 79 واں جشن آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
دن کا آغاز روایتی انداز میں توپوں کی سلامی اور نمازِ فجر کے بعد ملک کی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، توپوں کی سلامی کے دوران فضا اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھی۔
کراچی، لاہور پشاور، کوئٹہ ، کلگت بلتستان اور مظفرآباد آزاد جموں و کشمیر میں بھی پاک فوج کے دستوں نے قومی روایت کے مطابق توپوں کی سلامی پیش کی۔
مزار قائد پر وقار تقریب
یومِ آزادی کے موقع پر بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر تبدیلی گارڈز کی پُروقار تقریب کاانعقاد کیا گیا، پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالیے ۔
بانی پاکستان قائد اعظم کے مزار پر پاک بحریہ کے اعزازی گارڈز میں 2 دستے شامل ہیں ۔
اعزازی گارڈ کی تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ریئر ایڈمرل محمد عمیر نے مزارقائد پر پھولوں کی چادر رکھی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔
گورنر سندھ سید نہال ہاشمی اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی مزار قائد پر حاضری دی ، اس موقع پر گورنر سندھ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دفاعی لحاظ سے ناقابل تسخیر ہو چکا ہے، بھارت نے ہمیں للکارا، ہماری مسلح افواج نے فیلڈ مارشل عاصم منیرکی قیادت میں ددنان شکن جواب دیا کہ دنیا ہمیں مان گئی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ ملک ووٹ کی طاقت سے وجود میں آیا، انگریز سرکار نے صوبہ سندھ کیخلاف سازش کی جو ناکام رہی، 10 اکتوبر 1948 صوبہ سندھ کراچی میں ایک قرارداد پیش کی گئی تھی، صوبہ سندھ کو فخر ہے کہ جس نے پاکستان بنانے میں کردار ادا کیا ۔
گورنر ہاؤس پشاور میں تقریب
79 ویں جشن آزادی کے موقع پرگورنر ہاؤس پشاور میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد ہوا جس میں گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی نے قومی پرچم لہرایا ۔
شریک شرکاء نے تقریب میں ملک کی ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی ، گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے ایرانی قونصل جنرل کے ہمراہ یومِ آزادی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا ۔
Lahore 38°C
Karachi 30°C


