پشاور: پشاور ہائیکورٹ کے چار ججز نے مستقل ججز کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ، جس کے بعد وہ باقاعدہ طور پر عدالت عالیہ کے مستقل ججز بن گئے۔

پشاور ہائیکورٹ میں منعقدہ حلف برداری کی تقریب میں چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے چاروں ججز سے حلف لیا۔

مستقل ججز کا حلف اٹھانے والوں میں جسٹس فرح جمشید، جسٹس انعام خان، جسٹس ثابت اللہ اور جسٹس اورنگزیب خان شامل ہیں۔

حلف برداری کی تقریب میں پشاور ہائیکورٹ کے ججز، وکلا اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا شاہ فیصل اتمانخیل اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل ثناء اللہ بھی تقریب میں موجود تھے۔

اس موقع پر ہائیکورٹ بار کے صدر امین الرحمن یوسفزئی، خیبرپختونخوا بار کونسل کے اراکین اور سینئر وکلا نے بھی شرکت کی اور مستقل ججز کو مبارکباد پیش کی۔