اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی القادر ٹرسٹ کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بنچ نے اپیلوں پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالتی کارروائی کی لائیو اسٹریمنگ کی درخواست کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ یہ قومی اور بین الاقوامی اہمیت کا کیس ہے اور عدالتی وقار کے لیے کارروائی عوام کو براہِ راست دکھائی جانی چاہیے۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ لائیو اسٹریمنگ کی درخواست متعلقہ کمیٹی کے سامنے زیرِ التوا ہے اور جب تک اس حوالے سے قواعد نہیں بن جاتے، لائیو اسٹریمنگ کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر بھی یہ استدعا مسترد کر دی گئی تھی۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ وہ نجی ٹی وی چینلز کے ذریعے کارروائی کی کوریج نہیں چاہتے بلکہ عدالتی ویب سائٹ پر سماعت براہِ راست دکھانے کی درخواست کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ایک مقدمے سے نکلتے ہیں تو نظام انہیں دوسرے مقدمے میں جکڑ لیتا ہے۔

اس موقع پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ مجھے ڈکٹیٹ نہیں کر سکتے، آپ اپنی اپیل شروع کریں، باقی مداخلت کرنا آپ کا کام نہیں۔ عدالت میں کیا ہونا چاہیے اور کیا نہیں، اس کا فیصلہ کرنا میرا کام ہے۔

سماعت کے آغاز پر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نوید حیات ملک نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کے میڈیکل چیک اپ کا تمام ریکارڈ عدالت میں جمع کروا دیا گیا ہے، انہیں مکمل طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور جیل میں اٹیچ باتھ روم والا کمرہ بھی فراہم کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے صفائی ستھرائی کا مکمل خیال رکھنے سے متعلق بھی عدالت کو آگاہ کیا۔

القادر ٹرسٹ کیس کے مالی معاملات پر دلائل

بیرسٹر سلمان صفدر نے اپنے دلائل میں کہا کہ عمران خان کے خلاف القادر ٹرسٹ میں رشوت کا مقدمہ بنایا گیا، تاہم مقدمے کے اہم حقائق عدالت کے سامنے رکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 12 اگست 2019 کو ملک ریاض کا پیسہ برطانیہ میں منجمد ہوا، جبکہ اپریل 2019 میں وہ پہلے ہی القادر ٹرسٹ کو زمین عطیہ کر چکے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب زمین پہلے ہی ٹرسٹ کو دی جا چکی تھی تو اسے رشوت کیسے قرار دیا جا سکتا ہے؟

وکیل نے کہا کہ پاکستان میں 190 ملین پاؤنڈ نہیں بلکہ 171 ملین پاؤنڈ آئے تھے اور میڈیا اس معاملے کو غلط رپورٹ کرتا ہے۔ اسی لیے وہ عدالتی کارروائی کی لائیو اسٹریمنگ چاہتے ہیں تاکہ عوام خود حقائق دیکھ سکیں۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے مزید کہا کہ نیب، ایف بی آر، ایف آئی اے اور اسٹیٹ بینک سمیت مختلف ادارے ایسٹ ریکوری یونٹ کا حصہ تھے۔ اگر ان اداروں کو معلوم نہیں ہو سکا کہ کیا ہو رہا ہے تو عمران خان کو کیسے معلوم ہو سکتا تھا؟ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب اتنی وسیع کابینہ کو اس معاملے کا علم نہیں تھا تو عمران خان کی خفیہ معاہدے میں معاونت کیسے ثابت ہوتی ہے؟

انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ماضی میں مقدمات پاکستان سے پیسہ باہر لے جانے پر بنتے رہے، جبکہ یہ پاکستان میں رقم واپس لانے کا معاملہ ہے۔ ان کے مطابق سپریم کورٹ کا حکم تھا کہ رقم پاکستان میں جمع کرائی جائے اور رقم سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں تقریباً چار سال تک موجود رہی۔

وکیل نے کہا کہ نیب یہ بتائے کہ برطانیہ میں موجود رقم غیرقانونی کیسے تھی، کیونکہ برطانیہ میں اس معاملے کو فوجداری کارروائی کے بجائے سول کارروائی قرار دیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر رقم کسی شخص کی جائز ملکیت تھی تو وہ اسے کہیں بھی منتقل کر سکتا تھا۔

سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے میں ابھی کئی اہم حقائق اور کڑیاں موجود ہیں، جنہیں وہ آئندہ سماعت پر بھی عدالت کے سامنے رکھیں گے۔

عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کی استدعا

سماعت کے دوران سردار لطیف کھوسہ نے عدالت سے استدعا کی کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ایک اور ملاقات کروا دی جائے اور اس حوالے سے عدالتی حکم جاری کیا جائے۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ وہ اس سلسلے میں ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد سے بات کر لیں گے۔

بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی القادر ٹرسٹ کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔