راولپنڈی: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آئندہ ایک سال کے دوران راولپنڈی ڈویژن میں 5 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی ہے، جن میں ٹرانسپورٹ، صحت، سڑکوں کی تعمیر اور پانی کی فراہمی کے منصوبے شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے گزشتہ روز منگل کو راولپنڈی کا پانچ گھنٹے کا تفصیلی دورہ کیا، اس دوران انہوں نے طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جبکہ کمرشل مارکیٹ اور راجہ بازار کے بیوٹیفکیشن منصوبوں کا افتتاح بھی کیا۔

دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے راولپنڈی ڈویژن کی تمام 27 تحصیلوں میں مختلف روٹس پر 80 نئی گرین الیکٹرک بسیں چلانے کا اعلان کیا۔ ان بسوں کی شمولیت سے ڈویژن میں گرین بسوں کی مجموعی تعداد 210 ہو جائے گی۔

شہر کو مون سون کے دوران سیلابی صورتحال اور تباہ کاریوں سے بچانے کے لیے لئی ایکسپریس وے کی تعمیر کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ددوچھہ ڈیم اور چہان ڈیم کے ذریعے پانی کی فراہمی کے منصوبوں کے لیے فنڈز جاری کرنے کا اعلان کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے راولپنڈی ڈویژن کے 12 دیہات کو مثالی گاؤں بنانے کی منظوری بھی دی، جبکہ ڈویژن میں کینسر یونٹ کو فعال کرنے اور چلڈرن اسپتال کے قیام سے متعلق منصوبے بھی ترقیاتی اقدامات میں شامل ہیں۔

مریم نواز نے مری روڈ پر مریڑ حسن سے چاندنی چوک تک سڑک کی کشادگی کا منصوبہ نئے سال سے شروع کرنے کی منظوری دے دی۔ اس کے ساتھ ہی خواتین کے لیے راولپنڈی ڈویژن کی تمام تحصیلوں میں پنک بازار قائم کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔

وزیراعلیٰ کے مطابق راولپنڈی ڈویژن کے تمام الائیڈ اسپتالوں میں مفت ادویات اور علاج معالجے کی سہولیات کا سلسلہ جاری رہے گا۔