دنیا بھر میں دوستی اور قریبی سماجی تعلقات میں کمی کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے، جہاں لوگوں کے جاننے والوں کی تعداد تو بڑھ رہی ہے، لیکن حقیقی دوستوں کا دائرہ محدود ہوتا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق امریکا میں 1990 سے اب تک ایسے افراد کی تعداد چار گنا بڑھ کر 12 فیصد ہو گئی ہے جو کہتے ہیں کہ ان کا کوئی قریبی دوست نہیں۔ اسی عرصے کے دوران 10 یا اس سے زیادہ قریبی دوست رکھنے والے افراد کی تعداد میں بھی ایک تہائی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

بھارت کے شہری علاقوں میں بھی اسی نوعیت کا رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں سماجی روابط کے باوجود حقیقی دوستیوں میں کمی محسوس کی جا رہی ہے۔

ماضی میں لوگ کیفے، کلبوں اور مختلف تقریبات میں اجنبیوں سے بھی آسانی سے گفتگو کر لیتے تھے، تاہم اب بڑے اجتماعات میں موجود افراد بھی تنہائی کا شکار نظر آتے ہیں۔ امریکا میں گزشتہ دو برسوں کے دوران اکیلے کھانا کھانے والوں کی تعداد میں 29 فیصد اضافہ بھی اسی سماجی تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے۔

دوستی کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ اسٹینفورڈ یونیورسٹی نے اس موضوع پر باقاعدہ ایک کورس متعارف کرایا ہے۔ ماہرین کے مطابق دوستی کے لیے وقت نکالنا اب محض ایک سماجی سرگرمی نہیں بلکہ انسانی زندگی کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔

تنہائی کے صحت پر اثرات

تحقیقی مطالعات کے مطابق تنہائی اور سماجی تعلقات کی کمی سے دل کی بیماریوں، ڈیمنشیا اور قبل از وقت موت کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ بعض تحقیقات میں تنہائی کے صحت پر اثرات کا موازنہ روزانہ 15 سگریٹ پینے سے ہونے والے نقصانات سے بھی کیا گیا ہے۔

ہارورڈ یونیورسٹی کی تقریباً 80 سالہ تحقیق میں بھی خوشگوار اور صحت مند زندگی کے لیے قریبی انسانی تعلقات کو بنیادی اہمیت دی گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق دوستی انسان کی ذہنی، جسمانی اور جذباتی صحت کے لیے انتہائی اہم ہے۔ دولت اور سماجی حیثیت میں تبدیلی آ سکتی ہے، لیکن مخلص دوست مشکل وقت میں انسان کا ساتھ دے کر زندگی کو بہتر بناتے ہیں۔

سماجی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے دوستوں کے لیے وقت نکالنا، ایک دوسرے کو معاف کرنا، رابطہ برقرار رکھنا اور مشترکہ یادیں بنانا ضروری ہے۔ بصورت دیگر تنہائی کا بڑھتا ہوا رجحان نہ صرف نئی دوستیوں بلکہ پرانے تعلقات کو بھی متاثر کر سکتا ہے۔