لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے نورین نیازی اور ڈاکٹر عظمیٰ کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواستیں نمٹا دی ہیں، ڈپٹی کمشنر لاہور نے عدالت کو آگاہ کیا کہ دونوں خواتین کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا ہے اور وہ رہا ہو کر گھروں کو جا چکی ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس عبہر گل خان نے سکینہ نیازی کی جانب سے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالتی حکم پر ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ کیا نورین نیازی اور ڈاکٹر عظمیٰ کو رہا کرکے گھر بھیج دیا گیا ہے؟ اس پر ڈی سی لاہور نے بتایا کہ دونوں بہنیں رہا ہو کر اپنے گھروں کو جا چکی ہیں اور ان کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن بھی واپس لے لیا گیا ہے۔
بیان ریکارڈ کرانے کے بعد ڈپٹی کمشنر لاہور کمرہ عدالت سے روانہ ہوگئے۔ اس موقع پر درخواست گزاروں کے وکیل رانا مدثر نے کہا کہ انہیں ڈی سی لاہور سے کچھ گزارشات کرنی تھیں، تاہم وہ جا چکے ہیں۔
جسٹس عبہر گل خان نے اس پر ریمارکس دیے کہ شاید ڈی سی لاہور آپ سے خوفزدہ ہیں، اسی لیے جا چکے ہیں۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر لاہور کے بیان کی روشنی میں عدالت نے نورین نیازی اور ڈاکٹر عظمیٰ کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواستیں نمٹا دیں۔
Lahore 23°C
Islamabad 24°C


