لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سینٹرل انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے فوکل پرسن برائے پنجاب اور رکن پنجاب اسمبلی بریگیڈیئر (ر) مشتاق احمد نے کہا ہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ کے معاملے میں لاہور ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا۔
پنجاب اسمبلی میڈیا ہال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بریگیڈیئر (ر) مشتاق احمد نے کہا کہ موجودہ صورتحال سیاسی تاریخ کے مشکل ترین ادوار میں شمار ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو آئین اور قانون کے تحت حاصل حقوق دیے جانے چاہئیں۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور احکامات کی راہ میں رکاوٹ بننے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
پی ٹی آئی رہنما نے 27 ستمبر کے احتجاج سے متعلق حکومتی بیانات پر بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ حکومت احتجاج کی کال کے حوالے سے غلط فہمیاں پیدا کر رہی ہے۔ ان کے مطابق ملک کو اس وقت سکیورٹی، مہنگائی، امن و امان اور سیاسی عدم استحکام جیسے مسائل کا سامنا ہے۔
بریگیڈیئر (ر) مشتاق احمد نے بجلی کی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ملک میں بجلی کی طلب پوری نہ ہونے کے باعث غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ انہوں نے حکومتی پالیسیوں اور بیرون ملک اثاثوں سے متعلق بھی سخت تنقید کی۔
انہوں نے پنجاب میں جرائم کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرائم کنٹرول کے لیے اداروں کو وسیع اختیارات دیے گئے، تاہم خواتین کے خلاف جرائم سمیت دیگر واقعات پر قابو نہیں پایا جا سکا۔
پی ٹی آئی رہنما نے ٹریفک پولیس کے طریقہ کار پر بھی اعتراضات اٹھاتے ہوئے الزام عائد کیا کہ شہریوں کو جرمانوں اور دیگر کارروائیوں کے ذریعے مشکلات کا سامنا ہے۔
Lahore 35°C
Karachi 30°C
Islamabad 33°C


