پاکستان میں چار موجودہ صوبوں کو بارہ صوبوں میں تقسیم کرنے کی بحث ان دنوں عروج پر ہے۔ اس معاملے پر مختلف حلقوں کی جانب سے متضاد دعوے اور آرا سامنے آ رہی ہیں۔ بعض مبصرین اسے مستقبل کے سیاسی اور انتظامی ڈھانچے کی ایک طے شدہ منصوبہ بندی قرار دے رہے ہیں، جبکہ دوسرے حلقوں کے نزدیک یہ بحث کسی اہم قومی مسئلے سے توجہ ہٹانے کی کوشش کے سوا کچھ نہیں۔
کچھ باخبر اور بااثر مبصرین کا دعویٰ ہے کہ سیاست دانوں، قوم پرست جماعتوں اور تجزیہ کاروں کی بھرپور مزاحمت کے باوجود نئے صوبے ہر صورت قائم کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق نظام کے ممکنہ انہدام کی صورتحال کا تاثر دینے سے لے کر نئے صوبوں کے نقشوں، انتظامی انفرااسٹرکچر اور مستقبل کے سیاسی ڈھانچے تک کی تیاری مکمل ہو چکی ہے۔ تاہم اس مبینہ منصوبہ بندی سے وابستہ حلقوں کا مؤقف بدستور یہی ہے کہ وہ نہ تو سیاست میں مداخلت کرتے ہیں اور نہ ہی ان کا سیاست سے کوئی تعلق ہے۔
دوسری جانب صحافیوں اور تجزیہ کاروں کا ایک حلقہ اس پورے معاملے کو محض ایک سیاسی شوشہ قرار دے رہا ہے۔ ان کے مطابق صوبوں کی تقسیم کا منصوبہ حقیقت کا روپ اختیار کرنے کے بجائے کسی اہم قومی مسئلے سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لیے سامنے لایا گیا ہے۔ اس حلقے کا خیال ہے کہ تھل میں نہری نظام اور کالا باغ ڈیم کی طرح نئے صوبوں کا معاملہ بھی بالآخر نعروں اور سیاسی بیانات تک محدود رہ سکتا ہے۔
سیاسی جماعتیں صوبوں کی تقسیم کے حوالے سے اپنے اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی اس معاملے کی مخالفت میں واضح طور پر سامنے آ چکی ہے۔ پارٹی اپنی سندھ اسمبلی کی اس قرارداد کا حوالہ دیتی ہے جس میں سندھ کی تقسیم کی مخالفت کی گئی تھی۔
پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ آئین کے آرٹیکل 239 کے تحت کسی صوبے کی حدود میں تبدیلی کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی منظوری ضروری ہے۔ پارٹی کے مطابق اگر صوبائی اسمبلی نئے صوبے کے قیام کی حمایت میں قرارداد منظور بھی کر لے تو اس کے بعد بھی آئینی طریقہ کار کے مطابق پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں دو تہائی اکثریت سے منظوری درکار ہوگی۔
سندھ میں صوبے کی تقسیم کے خلاف سیاسی مزاحمت کا اندازہ اس نعرے سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ ’’مرسوں مرسوں، سندھ نہ ڈیسوں‘‘۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی خبردار کر چکے ہیں کہ سندھ کی تقسیم کے لیے کسی قسم کی زبردستی کی کوشش کی گئی تو اس کے نتیجے میں صوبے میں خون خرابہ ہو سکتا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر ترین رہنماؤں، سابق وزیر قانون اور اٹھارہویں آئینی ترمیم کے اہم معمار میاں رضا ربانی نے بھی اس معاملے پر اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ ریفرنڈم آئین کی کسی شق کا متبادل نہیں ہو سکتا۔
ان کا مؤقف ہے کہ جب آئین میں صوبوں کی حدود میں تبدیلی کا ایک باقاعدہ طریقہ کار موجود ہے تو اس مقصد کے لیے اسی آئینی طریقہ کار پر عمل کرنا ضروری ہے۔ اگر آئین کسی مجوزہ منصوبے کی راہ میں رکاوٹ ہے تو ریفرنڈم کے ذریعے آئین کو بائی پاس نہیں کیا جا سکتا۔
رضا ربانی کے مطابق ایسے کسی ریفرنڈم کے نتائج کی عدالتی توثیق حاصل کرنے کی کوشش بھی آئینی پیچیدگیاں پیدا کر سکتی ہے۔ ان کے نزدیک ایسا کرنا عدالتوں کو آئین میں مداخلت اور اس کی ازسرنو تشریح یا تشکیل کا اختیار دینے کے مترادف ہوگا، جس سے مستقبل کے لیے ایک نامناسب مثال قائم ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب اس معاملے کے سب سے بڑے اسٹیک ہولڈرز میں شامل پنجاب نے بھی نئے صوبوں کے قیام سے متعلق فیصلہ عوامی امنگوں کے مطابق اور پارلیمنٹ کے ذریعے کرنے کا مؤقف اختیار کیا ہے۔
پنجاب کی جانب سے اس موضوع پر صوبائی اسمبلی میں بحث کرانے اور حتمی فیصلہ پارلیمان کے ذریعے کرنے کی بات کی گئی ہے۔ اس مؤقف سے واضح ہوتا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کا معاملہ محض انتظامی فیصلے کے بجائے ایک بڑے سیاسی اور آئینی مسئلے کی حیثیت رکھتا ہے۔
وفاقی حکومت کے اندر بھی اس معاملے پر یکساں مؤقف دکھائی نہیں دیتا۔ وفاقی وزراء ریفرنڈم کی حمایت کے حوالے سے ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی کوشش کرتے دکھائی دے رہے ہیں، جبکہ مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت، خصوصاً میاں محمد نواز شریف اور وزیراعظم میاں شہباز شریف، نے تاحال خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔
یہ خاموشی ان حلقوں کے لیے بھی سوالیہ نشان بنی ہوئی ہے جو نئے صوبوں کے قیام سے متعلق مبینہ منصوبہ بندی کی بات کر رہے ہیں۔ دوسری جانب حکومت کے وزیر مملکت برائے بین الصوبائی رابطہ کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ معاملہ سوشل میڈیا، صحافتی تبصروں اور تجزیوں تک محدود ہے۔
ان کے مطابق جب یہ منصوبہ کسی باضابطہ شکل میں حکومت کے سامنے آئے گا تو اسے وفاقی کابینہ میں پیش کرکے اس پر غور کیا جائے گا۔
اس تمام بحث میں ایک اہم حقیقت یہ بھی ہے کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق مبینہ منصوبہ تاحال باضابطہ طور پر حکومت کے سامنے نہیں آیا۔ اس کے باوجود سیاسی رہنماؤں، صحافیوں، تجزیہ کاروں اور مختلف حلقوں میں اس موضوع پر بحث مسلسل جاری ہے۔
اب اصل سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان میں نئے صوبوں کا قیام واقعی کسی طے شدہ منصوبہ بندی کا حصہ ہے، کیا اس کے لیے انتظامی اور سیاسی سطح پر تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں، یا پھر یہ معاملہ بھی ماضی کے دیگر متنازع منصوبوں کی طرح سیاسی نعروں اور بیانات تک محدود رہ جائے گا؟
فی الحال نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث تو شدت اختیار کر چکی ہے، لیکن اس کے عملی مستقبل کا انحصار سیاسی اتفاقِ رائے، آئینی تقاضوں اور پارلیمانی فیصلے پر ہوگا۔
Lahore 19°C
Islamabad 15°C


