اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن محمد امین نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور مالدیپ کے درمیان سیاحت، کھیل، صحت، تجارت، افرادی قوت اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن نے اسلام آباد کے جدید انفراسٹرکچر، صفائی کے نظام، تیز رفتار ترقی، خوبصورتی اور قدرتی مناظر کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد حقیقی معنوں میں ٹورازم کیپٹل سٹی بننے کے بھرپور مواقع رکھتا ہے۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ مالدیپ کی قومی ایئرلائن جلد پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہ راست پروازوں کا آغاز کرے گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ براہ راست پروازوں سے پاکستانی شہریوں کے لیے مالدیپ کا سفر آسان ہوگا اور وہاں پاکستانی سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوگا۔
مالدیپ کے وزیر سیاحت نے بتایا کہ پہلی براہ راست پرواز کے ذریعے معروف پاکستانی کرکٹرز، فنکاروں اور دیگر معروف شخصیات کو مالدیپ لے جایا جائے گا۔ ان کے مطابق پاکستانی سلیبریٹیز مالدیپ میں بے حد مقبول ہیں اور ان کی آمد سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔
ملاقات میں کھیلوں کے شعبے میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی نے بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مالدیپ میں کرکٹ اسٹیڈیم کے قیام کے مجوزہ منصوبے پر کام کر رہا ہے، جبکہ اسٹیڈیم کے ساتھ کرکٹ اکیڈمی بھی قائم کی جائے گی تاکہ وہاں کے نوجوانوں کو کرکٹ کی تربیت کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
مالدیپ کے وزیر سیاحت و سول ایوی ایشن نے کہا کہ ان کے ملک کو افرادی قوت کی ضرورت ہے اور وہ پاکستان سے افرادی قوت کا خیرمقدم کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سے تعمیراتی سامان، ادویات اور دیگر اشیاء درآمد کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مالدیپ کے وزیر داخلہ کے لیے نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا اور کہا کہ وہ ان کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔
Lahore 26°C
Islamabad 24°C


