اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اسلام آباد زون نے غیر قانونی ویزا ایجنٹس اور شہریوں کو بیرونِ ملک ملازمت اور سفر کے نام پر دھوکہ دینے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ گزشتہ چار ماہ کے دوران مجموعی طور پر 190 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ مختلف کارروائیوں میں 61 کروڑ 55 لاکھ 50 ہزار روپے کی ریکوری کی گئی۔

ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکلز اسلام آباد اور راولپنڈی نے گزشتہ چار ماہ کے دوران غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف متعدد کارروائیاں کیں، جن کے نتیجے میں ملزمان کی گرفتاریوں اور مالی ریکوری میں اہم پیش رفت ہوئی۔

جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی نے اس عرصے میں 70 ملزمان کو گرفتار کیا۔ سرکل کی جانب سے 20 کروڑ 45 لاکھ روپے کی ریکوری کی گئی، جبکہ مختلف واقعات کے حوالے سے 668 مقدمات درج کیے گئے۔

دوسری جانب اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے گزشتہ چار ماہ کے دوران 120 ملزمان کو حراست میں لیا۔ اس دوران 41 کروڑ 10 لاکھ 50 ہزار روپے کی ریکوری کی گئی، جبکہ 875 مقدمات بھی درج کیے گئے۔

ایف آئی اے اسلام آباد زون کے مطابق شہریوں کو بیرونِ ملک ملازمت اور سفر کے نام پر دھوکہ دہی سے محفوظ رکھنے، غیر قانونی ویزا ایجنٹس کے خلاف قانونی کارروائی اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ شہریوں کو دھوکہ دہی اور غیر قانونی سرگرمیوں سے بچانے کے لیے متعلقہ سرکلز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔