اسلام آباد: حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان پٹرولیم لیوی کے خاتمے سے متعلق مذاکرات کسی پیش رفت کے بغیر ختم ہوگئے۔ حکومتی ٹیم نے پٹرولیم لیوی مکمل طور پر ختم کرنے پر آمادگی ظاہر نہیں کی۔
دفتر خارجہ اسلام آباد میں ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونے والے مذاکرات میں جماعت اسلامی کے وفد نے لیاقت بلوچ کی سربراہی میں شرکت کی۔ وفد میں سید فراست شاہ اور انجینئر نصراللہ رندھاوا شامل تھے، جبکہ حکومتی ٹیم میں اسحاق ڈار، احسن اقبال اور رانا ثناء اللہ شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات کے دوران حکومت نے مؤقف اختیار کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا چکا ہے اور مزید ریلیف دینے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ حکومت کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا انحصار عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں پر ہے۔
مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہ ہونے کے بعد جماعت اسلامی کا وفد میڈیا سے گفتگو کیے بغیر واپس روانہ ہوگیا۔
بعد ازاں جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیم نے اپنے دفتر میں مشاورتی اجلاس منعقد کیا، جس میں حکومتی ٹیم کے ساتھ ہونے والی بات چیت کا جائزہ لیا گیا۔ جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیم مذاکرات کی تفصیلات مرکزی امیر کو پیش کرے گی، جس کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا۔
Lahore 29°C
Islamabad 25°C


