اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حماد اظہر نے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ضمانت پر رہائی کے لیے درخواست دائر کردی۔

حماد اظہر کی جانب سے بیرسٹر ابوزر سلمان نیازی نے درخواست عدالت میں جمع کرائی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولیس نے انہیں 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں گرفتار کیا تھا۔

درخواست میں بتایا گیا ہے کہ حماد اظہر کا 50 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا گیا، تاہم اب ان سے تفتیش مکمل ہوچکی ہے۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ تفتیش مکمل ہونے کے بعد حماد اظہر کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے درخواست پر مقدمے کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کردیے اور سماعت 3 نومبر تک ملتوی کردی۔