انگلینڈ کے ہاتھوں لارڈز ٹیسٹ میں بھاری شکست کے بعد پاکستان کے کئی کھلاڑیوں کو آئی سی سی کی تازہ ٹیسٹ رینکنگ میں بھی پوزیشنز کے اعتبار سے نقصان اٹھانا پڑا ہے، تاہم سعود شکیل نمایاں بہتری حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
لارڈز میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 194 رنز سے شکست دی۔ میچ میں بابر اعظم کی کارکردگی بھی متاثر کن نہیں رہی، جس کا اثر ان کی رینکنگ پر پڑا ہے۔ وہ پانچ درجے نیچے آنے کے بعد اب 15ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔
بابر اعظم نے میچ کی پہلی اننگز میں 8 اور دوسری اننگز میں 6 رنز اسکور کیے تھے۔
اس کے برعکس سعود شکیل نے رینکنگ میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ پاکستانی بیٹر 15 درجے اوپر آکر 18 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی پوزیشن بھی سات درجے کم ہوئی ہے اور وہ 33 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ کپتان شان مسعود تین درجے تنزلی کے بعد 41 ویں جبکہ سلمان علی آغا بھی تین درجے نیچے آکر 43 ویں پوزیشن پر ہیں۔
ٹیسٹ بولرز کی عالمی فہرست میں آسٹریلیا کے مچل اسٹارک نے اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے، جبکہ نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری ایک درجہ اوپر آکر دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
انگلینڈ کے اولی رابنسن نے رینکنگ میں چھ درجے بہتری کے ساتھ پانچویں پوزیشن حاصل کرلی۔ سری لنکا کے اسیتھا فرنینڈو بھی چار درجے اوپر آئے ہیں اور اب 11ویں نمبر پر ہیں۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس 15ویں پوزیشن پر برقرار ہیں۔ انگلینڈ کے جوش ٹنگ نے چار درجے بہتری کے بعد 13ویں نمبر پر جگہ بنالی ہے۔
دوسری طرف انگلینڈ کے گس اٹکنسن کی رینکنگ میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ وہ 10 درجے نیچے جانے کے بعد 24ویں نمبر پر آگئے ہیں۔
Lahore 33°C
Karachi 28°C


