کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم کو عالمی معیار کا کرکٹ وینیو بنانے کے لیے اپ گریڈیشن کے دوسرے مرحلے کی تیاری کر لی ہے، جس پر 5 ارب روپے سے زائد رقم خرچ کی جائے گی۔

کراچی کے کرکٹ شائقین طویل عرصے سے اسٹیڈیم میں بہتر سہولتوں، معیاری نشستوں اور بغیر کسی رکاوٹ کے میچ دیکھنے کی سہولت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اسٹیڈیم میں موجود بڑے جنگلوں اور دیگر انتظامات کے باعث شائقین کو میچ دیکھنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس کی وجہ سے اسٹیڈیم میں شائقین کی دلچسپی بھی متاثر ہوتی رہی ہے۔

پی سی بی نے ان مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے اسٹیڈیم کی مرحلہ وار اپ گریڈیشن کا منصوبہ بنایا تھا، جس کے پہلے مرحلے کا کام آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 سے قبل مکمل کیا گیا۔ اس مرحلے میں پانچ منزلہ نیا پویلین، 24 ہاسپیٹیلٹی باکسز، جدید ڈریسنگ رومز، نئی ایل ای ڈی فلڈ لائٹس اور ڈیجیٹل اسکرینز سمیت دیگر سہولتیں فراہم کی گئیں۔

اب منصوبے کے دوسرے مرحلے میں اسٹیڈیم کے بنیادی ڈھانچے اور تماشائیوں کے بیٹھنے کے انتظامات کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔

پی سی بی کے سالانہ بجٹ میں طویل المدتی اور فکسڈ اثاثوں کی خریداری، تعمیر، مرمت اور بہتری کے لیے مجموعی طور پر 6 ارب 70 کروڑ 20 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

اس بجٹ میں انفرااسٹرکچر کے لیے 5 ارب 68 کروڑ 60 لاکھ روپے رکھے گئے ہیں، جن میں سے 5 ارب 6 کروڑ 20 لاکھ روپے نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی کے تعمیراتی منصوبے کے دوسرے مرحلے پر خرچ ہوں گے، جبکہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور کی اپ گریڈیشن کے لیے 62 کروڑ 40 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

منصوبے کے تحت اسٹیڈیم کے اطراف موجود جنگلے ختم کرکے ان کی جگہ خندقیں اور حفاظتی جال لگائے جائیں گے، تاکہ میچ کے دوران شائقین میدان میں داخل نہ ہو سکیں اور انہیں بغیر کسی رکاوٹ کے کھیل دیکھنے کا موقع ملے۔

اس کے علاوہ مختلف انکلوژرز کے موجودہ اسٹینڈز بھی ختم کرکے نئے اسٹینڈز تعمیر کیے جائیں گے۔ ان تبدیلیوں کے نتیجے میں شائقین کے لیے میچ دیکھنے کا تجربہ مزید بہتر بنانے اور اسٹیڈیم میں تماشائیوں کی تعداد بڑھانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

توقع کی جا رہی ہے کہ اپ گریڈیشن کا کام آئندہ سال ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آغاز سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے حتمی تصدیق سامنے نہیں آئی اور منصوبے کی تکمیل کا انحصار تعمیراتی کام کی رفتار پر ہوگا۔

اسٹیڈیم کی چھت کی تعمیر کا کام فی الحال بعد کے مرحلے میں کیا جائے گا۔