راولپنڈی: پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان ہونے والی سہ ملکی کرکٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی، جس کے بعد شائقین کرکٹ کو دلچسپ مقابلوں کا انتظار ہے۔
سیریز کا آغاز اتوار کو راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ سے ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 7 میچز کھیلے جائیں گے، جن میں 3 میچز راولپنڈی جبکہ فائنل سمیت 4 میچز لاہور میں شیڈول ہیں۔ تمام میچز دوپہر ایک بجے شروع ہوں گے۔
ٹرافی کی رونمائی کی تقریب کے موقع پر پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے کپتانوں نے الگ الگ پریس کانفرنسز بھی کیں، جن میں انہوں نے سیریز کے حوالے سے اپنے عزائم کا اظہار کیا۔
قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے انگلینڈ اور سری لنکا کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ٹیم کا بنیادی ہدف سہ ملکی سیریز جیتنا ہے اور اس کے لیے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔
شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ اس سیریز سے ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈ کی تشکیل میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے تجربہ کار بلے باز بابر اعظم کو ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا اور کہا کہ قومی ٹیم میں اتحاد موجود ہے۔ ان کے مطابق سلمان علی آغا بھی عمدہ کارکردگی دکھا رہے ہیں اور حال ہی میں فرسٹ کلاس کرکٹ میں ٹرپل سنچری اسکور کرچکے ہیں۔
دوسری جانب سری لنکن کپتان کوشال مینڈس نے کہا کہ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی سیریز سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ٹیم کو پہلے سے فیورٹ قرار نہیں دیا جاسکتا، بلکہ میدان میں بہتر کھیل پیش کرنے والی ٹیم ہی کامیابی حاصل کرے گی۔
انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کو ایک چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں کھیلتے ہوئے انہیں زیادہ اعتماد محسوس ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ 22 سال کی عمر میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کھیل چکے ہیں، جس سے انہیں بین الاقوامی کرکٹ میں کافی مدد ملی۔
ہیری بروک نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل زیادہ سے زیادہ میچز کھیلنے سے ٹیم کو تیاری کا قیمتی موقع ملے گا۔ تینوں ٹیموں کے درمیان یہ سیریز ورلڈ کپ سے قبل اپنی صلاحیتوں کو جانچنے اور حکمت عملی بہتر بنانے کے لیے اہم ثابت ہوسکتی ہے۔
Lahore 26°C


