اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن پر اپنے پیغامات میں فلسطین کی آزادی اور خودمختار ریاست کے قیام کے لیے پاکستان کے مؤقف کو دہرایا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کی آزادی، وقار اور حق خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی حمایت اس وقت تک جاری رہے گی جب تک فلسطینی عوام اپنی آزاد اور خودمختار ریاست میں امن و سکون کے ساتھ زندگی گزارنے کے قابل نہیں ہو جاتے۔

صدر مملکت نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ فلسطینی عوام کی مشکلات کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے قابل اعتماد سیاسی عمل آگے بڑھایا جائے۔ ان کے مطابق فلسطینی ریاست کی سرحدیں جون 1967 سے پہلے کی حدود کے مطابق ہونی چاہئیں اور القدس الشریف اس کا دارالحکومت ہو۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ اسرائیلی قبضے کا خاتمہ اور مسئلہ فلسطین کا منصفانہ و دیرپا حل مشرق وسطیٰ میں امن اور استحکام کے قیام کے لیے ضروری ہے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار امن اسی صورت ممکن ہے جب اسرائیلی قبضہ ختم ہو اور فلسطینی عوام کو ان کے حق خودارادیت سے محروم نہ رکھا جائے۔

ادھر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فلسطینی شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے آزادی کے لیے جدوجہد کرنے والے فلسطینی عوام کی ثابت قدمی اور قربانیوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام کئی دہائیوں سے ظلم اور ناانصافی کا سامنا کر رہے ہیں، ان کی قربانیاں تاریخ کا اہم حصہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ہر شہری فلسطینی عوام کے دکھ اور مشکلات میں ان کے ساتھ شریک ہے۔