اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں گندم کی قلت اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر مالی سال 2026-27 کے دوران 25 لاکھ میٹرک ٹن تک گندم درآمد کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔
اس سے قبل گندم کی درآمد کی حد 10 لاکھ میٹرک ٹن مقرر کی گئی تھی، تاہم سرکاری ذخائر میں موجود گندم کا کچھ حصہ انسانی استعمال کے لیے غیر موزوں ہونے کے انکشاف کے بعد درآمدی حد میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا ورچوئل اجلاس ہوا، جس میں وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے پیش کردہ سمری کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں گندم کی درآمدی حد 25 لاکھ میٹرک ٹن تک بڑھانے کی اصولی منظوری دی گئی، جبکہ فیصلے کی حتمی توثیق وفاقی کابینہ سے حاصل کی جائے گی۔
دوسری جانب گندم کی قلت اور آٹے کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے باعث صوبوں نے اپنی ضروریات کا ازسرنو جائزہ لیتے ہوئے مجموعی درآمدی طلب تقریباً 17 لاکھ میٹرک ٹن تک بڑھا دی ہے۔
صوبائی ضروریات کے مطابق پنجاب کے لیے 9 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن، سندھ کے لیے ساڑھے 4 لاکھ میٹرک ٹن اور خیبر پختونخوا کے لیے 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم درکار ہوگی، جبکہ بلوچستان کی ضروریات پاسکو کے دستیاب ذخائر سے پوری کی جائیں گی۔
Lahore 18°C
Islamabad 20°C


