خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ (ق) نے اپنی سیاسی سرگرمیاں تیز کرتے ہوئے پیپلز پارٹی، پاکستان تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام کے اہم سیاسی رہنماؤں کو پارٹی میں شامل کرلیا۔
اس سلسلے میں چوہدری سالک حسین سے حاجی رشید خان کنڈی نے ملاقات کی، جس میں خیبر پختونخوا کی سیاسی صورتحال اور پارٹی کی تنظیم سازی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں مسلم لیگ (ق) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفیٰ ملک، صوبائی صدر انتخاب خان چمکنی، ریاض خان، بلال محمدزئی اور عبدالباسط بھی موجود تھے۔
اس موقع پر جنوبی اضلاع سے تعلق رکھنے والی مختلف سیاسی جماعتوں کی اہم شخصیات نے مسلم لیگ (ق) میں شمولیت کا اعلان کیا۔ پارٹی میں شامل ہونے والوں میں پیپلز پارٹی کے سابق امیدوار برائے قومی اسمبلی حاجی رشید خان کنڈی، لقمان یاسین، تحریک انصاف کے شیر عالم خان مسعود اور آصف کنڈی ایڈووکیٹ شامل ہیں۔
اسی طرح مسلم لیگ (ن) کے قیصر ندیم ایڈووکیٹ اور شہزاد ملنگی جبکہ جمعیت علمائے اسلام کے عمر معاویہ نے بھی مسلم لیگ (ق) میں شمولیت اختیار کرلی۔ ضلع پہاڑپور کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت مخدوم زادہ سید مرید حیدر شاہ بخاری بھی پارٹی کا حصہ بن گئے۔
چوہدری سالک حسین نے مختلف سیاسی جماعتوں سے آنے والے رہنماؤں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ تجربہ کار سیاسی شخصیات کی شمولیت پارٹی کے لیے خوش آئند ہے۔ نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کو پارٹی کے تنظیمی اور سیاسی معاملات میں مؤثر کردار دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں مسلم لیگ (ق) کو ملک بھر میں منظم اور فعال سیاسی قوت بنانے کے لیے تنظیم سازی کا عمل جاری ہے، جبکہ خیبر پختونخوا بالخصوص جنوبی اضلاع میں پارٹی کی سیاسی اور تنظیمی سرگرمیوں کو مزید وسعت دی جائے گی۔
چوہدری سالک حسین کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کے قیام، دہشت گردی کے خاتمے اور معاشی ترقی کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
اس موقع پر انتخاب خان چمکنی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں مسلم لیگ (ق) کی تنظیم سازی تیزی سے جاری ہے اور مزید اہم سیاسی شخصیات پارٹی میں شامل ہو رہی ہیں۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پارٹی قیادت کی رہنمائی میں مسلم لیگ (ق) کو خیبر پختونخوا میں ایک منظم اور فعال سیاسی قوت بنایا جائے گا۔
Lahore 24°C
Islamabad 22°C


