راولپنڈی : ٹیکسلا کے علاقے میں فائرنگ کے ایک واقعے میں معروف ٹک ٹاکر عائشہ ، جو سوشل میڈیا پر' شمسو' کے نام سے جانی جاتی تھیں ، جاں بحق ہوگئیں جبکہ ان کی بہن زخمی ہوگئیں ۔

پولیس کے مطابق عائشہ اپنی بہن کے ہمراہ اتوار کی صبح شاپنگ کے لیے جا رہی تھیں کہ موٹر سائیکل سوار دو افراد نے دونوں پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں عائشہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں ، جبکہ زخمی بہن کو مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

مقتولہ کے والد کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کے والد نے مقدمے میں دو افراد کو نامزد کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایک مبینہ ملزم نے واردات سے قبل عائشہ کو فون بھی کیا تھا ۔

واقعے کی تحقیقات کیلئے پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں ۔ پولیس کے مطابق عینی شاہدین کے بیانات بھی قلمبند کر لیے گئے ہیں اور مقتولہ کے موبائل فون کا ڈیٹا بھی حاصل کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ عائشہ کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں ۔