اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت مالی شمولیت کے فروغ، شفافیت کو یقینی بنانے اور کیش لیس معیشت کے قیام کے لیے ٹیکنالوجی اور مالیاتی خدمات کے انضمام پر یقین رکھتی ہے۔

اسلام آباد میں زندگی، زونگ اور جے ایس بینک کے باہمی اشتراک سے زیڈ والٹ کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ حکومت کا وژن شہریوں کو جدید ٹیکنالوجی پر مبنی آسان، قابلِ رسائی اور مربوط مالیاتی خدمات فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زیڈ والٹ کا آغاز مالی شمولیت کو عام شہریوں تک وسعت دینے اور ٹیلی کام، ٹیکنالوجی اور انٹرنیٹ بینکنگ کو یکجا کرنے کی جانب اہم پیشرفت ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے زونگ کو مختلف شعبوں کے درمیان اشتراک اور باہمی تعاون کی عمدہ مثال قائم کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان مالی شمولیت کے فروغ کو خصوصی اہمیت دیتی ہے۔

عطاء اللہ تارڑ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کیش لیس معیشت کے فروغ کے لیے نہ صرف اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی ہے بلکہ وہ ٹیکنالوجی کے انضمام اور کیش لیس معیشت کی جانب پیش رفت کی خود نگرانی بھی کر رہے ہیں تاکہ شفافیت اور مالی شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اس کمیٹی کی صدارت خود اس لیے سنبھالی ہے کیونکہ وہ ٹیکنالوجی پر یقین رکھتے ہیں اور ان کا وژن ہے کہ شہریوں کو فراہم کی جانے والی مالیاتی خدمات جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونی چاہییں۔

وفاقی وزیر نے وزیراعظم شہباز شریف کے بطور وزیراعلیٰ پنجاب دور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس وقت پہلا آئی ٹی بورڈ قائم کیا تھا، جو بعد میں پنجاب آئی ٹی بورڈ کے نام سے جانا گیا۔ ان کے بقول یہ ٹیکنالوجی پر مبنی سرکاری شعبے کا ابتدائی ادارہ تھا۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ ایسے وقت میں جب ویڈیو کانفرنسنگ عام نہیں تھی، شہباز شریف نے پنجاب میں سرکاری شعبے کے لیے ویڈیو کانفرنسنگ سروس متعارف کرائی تھی تاکہ بہاولپور، ڈیرہ غازی خان اور ملتان سمیت دور دراز علاقوں میں تعینات افسران کو اجلاسوں میں شرکت کے لیے لاہور کا طویل سفر نہ کرنا پڑے۔

ان کے مطابق ان اقدامات سے سرکاری امور میں ٹیکنالوجی کے استعمال، شمولیت اور کارکردگی میں اضافے کا سفر شروع ہوا، تاہم ٹیکنالوجی کے فروغ کا عمل ان اقدامات تک محدود نہیں رہا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ میرٹ پر لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے فلیگ شپ منصوبے کو بھی اس وقت تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، لیکن کورونا وبا کے دوران اسی ٹیکنالوجی نے ملکی معیشت اور تعلیم کے تسلسل میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ وبا کے دوران بڑی تعداد میں لوگوں نے گھروں سے کام کیا جبکہ طلبہ نے آن لائن تعلیم حاصل کی، جس سے ٹیکنالوجی کی اہمیت مزید واضح ہوئی۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ حکومت زیڈ والٹ اقدام کی مکمل حمایت کرتی ہے اور ٹیکنالوجی و مالی شمولیت کو یکجا کرتے ہوئے شہریوں کے لیے مالیاتی خدمات تک رسائی آسان بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے زندگی، زونگ اور جے ایس بینک کے درمیان شراکت داری کو سراہتے ہوئے اسے ایک بہترین اقدام قرار دیا اور کہا کہ حکومت ان تمام کوششوں کی بھرپور حمایت کرے گی جن کے ذریعے مختلف صنعتوں کے اشتراک اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے مالی شمولیت کو فروغ دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جنریشن زی کے موجودہ دور میں زیڈ والٹ ایک موزوں نام ہے جو اس اقدام کی نوعیت کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کیش لیس معیشت کے حوالے سے زیڈ والٹ کے اقدام کو اجاگر کیا جائے گا تاکہ دیگر ادارے اور شعبے بھی اس مثال کی پیروی کریں۔

عطاء اللہ تارڑ نے زندگی، زونگ اور جے ایس بینک کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تینوں اداروں نے مل کر مالی شمولیت کو حقیقت بنانے، عام شہریوں کی زندگی آسان بنانے اور انٹرنیٹ بینکنگ، رابطے اور ٹیکنالوجی کو یکجا کرنے کی جانب اہم قدم اٹھایا ہے۔