اسلام آباد: سرکاری ملازمت کے خواہشمند امیدواروں کے لیے خوشخبری ہے کہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے گریڈ 16 سے 20 تک مختلف سرکاری محکموں میں متعدد آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان کر دیا ہے۔
ایف پی ایس سی کی جانب سے جاری کردہ اشتہار میں طبی، انتظامی، انجینئرنگ، دفاع، ریلوے، منصوبہ بندی، مالیات اور دیگر شعبوں میں مختلف عہدوں کے لیے آسامیاں مشتہر کی گئی ہیں۔
اشتہار کے مطابق آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے تحت اسسٹنٹ آڈٹ آفیسر گریڈ 17 کی 160 آسامیاں شامل ہیں، جبکہ فیڈرل میڈیکل کالج میں گریڈ 17 کے ڈیمونسٹریٹر کی 25 اسامیوں پر بھرتیاں کی جائیں گی۔ وزارت منصوبہ بندی کے اکانومسٹ گروپ میں گریڈ 17 کی 12 آسامیاں بھی مشتہر کی گئی ہیں۔
پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسلام آباد میں گریڈ 20 کے پروفیسر کی 6 اور گریڈ 19 کے ایسوسی ایٹ پروفیسر کی 2 آسامیاں شامل ہیں۔ وزارت دفاع کے اے ایف آئی آر ایم میں گریڈ 16 کی نرس کی 10 آسامیاں جبکہ جی ایچ کیو میں گریڈ 17 کے سویلین میڈیکل پریکٹیشنر کی 4 آسامیاں مشتہر کی گئی ہیں۔
وزارت ریلوے میں گریڈ 17 کے اسسٹنٹ انجینئر کی 3، اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر کی 4، اسسٹنٹ کنٹرولر کی 2 اور اسسٹنٹ مکینیکل انجینئر کی 2 آسامیاں شامل ہیں۔ اسی طرح وزارت ریلوے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل گریڈ 17 کی ایک آسامی بھی مشتہر کی گئی ہے۔
وزارت منصوبہ بندی میں ڈپٹی چیف، اسسٹنٹ چیف اور ریسرچ افسران کی آسامیاں بھی شامل ہیں، جبکہ وزارت دفاع اور جی ایچ کیو میں سائنسی، آرڈننس، سیکیورٹی اور فنانس کے شعبوں میں بھی بھرتیاں کی جائیں گی۔
دیگر آسامیوں میں اے ایف آئی پیتھالوجی میں گریڈ 16 کے جونیئر سائنٹفک آفیسر کی 2، وزارت قانون میں گریڈ 18 کے اسسٹنٹ ڈرافٹسمین کی ایک، وزارت مذہبی امور میں گریڈ 17 کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی ایک، قومی ورثہ ڈویژن میں گریڈ 18 کے ڈپٹی ڈائریکٹر کی ایک اور خزانہ ڈویژن میں گریڈ 18 کے بجٹ پبلی کیشن آفیسر کی ایک آسامی شامل ہے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان کے مختلف محکموں میں بھی متعدد سرکاری آسامیوں پر بھرتیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔
ایف پی ایس سی کے مطابق مختلف آسامیوں کے لیے صوبائی، علاقائی اور خواتین کے کوٹے مختص کیے گئے ہیں۔ امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی اہلیت، تعلیمی قابلیت، تجربے، عمر کی حد اور کوٹے سے متعلق تفصیلات کے لیے جاری کردہ سرکاری اشتہار کا جائزہ لیں۔
Lahore 22°C


