کراچی: شوگر سیکٹر کی ڈی ریگولیشن پالیسی کے باعث ملک میں گنے کی کاشت میں اضافے اور کپاس کی مقامی پیداوار میں مزید کمی کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں، جبکہ روئی اور خوردنی تیل کی درآمدات بڑھنے سے درآمدی بل میں اضافے کا بھی امکان ہے۔
چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق کے مطابق نئی پالیسی کے تحت نئی شوگر ملز لگانے اور پہلے سے قائم ملوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے پر پابندی ختم ہونے سے کپاس اور گندم کی مقامی پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاٹن زونز میں گنے کی کاشت بڑھنے سے ماحولیاتی آلودگی کے باعث روئی کا معیار بھی متاثر ہوسکتا ہے۔ اس کے علاوہ گنے کی زیادہ کاشت سے نہری پانی کی دستیابی متاثر ہونے اور ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی میں سیم و تھور پیدا ہونے کے خدشات بھی موجود ہیں۔
احسان الحق کے مطابق ان خدشات کے پیش نظر مقامی کاٹن سیکٹر نے حکومت سے شوگر سیکٹر کی ڈی ریگولیشن پالیسی پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نئی پالیسی کے باعث پورے کاٹن سیکٹر میں تشویش پائی جاتی ہے اور پاکستان میں وائٹ گولڈ کے بجائے وائٹ پوائزن کو فروغ ملنے کا خطرہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تقریباً 10 سال قبل پاکستان میں کپاس کی سالانہ پیداوار ڈیڑھ کروڑ گانٹھوں کے قریب تھی۔ اس پیداوار سے ویلیو ایڈڈ کاٹن مصنوعات تیار کرکے اربوں ڈالر کا زرمبادلہ حاصل کیا جاتا تھا، جبکہ اعلیٰ معیار کی پاکستانی روئی بھارت، بنگلہ دیش، ویتنام اور افریقی ممالک کو بھی برآمد کی جاتی تھی۔
چیئرمین کاٹن جنرز فورم کے مطابق کراپ زوننگ قوانین پر عمل درآمد نہ ہونے اور شوگر ملز مالکان کو چینی کی برآمدات پر حکومتی سبسڈی اور دیگر مراعات ملنے کے باعث ملک کے مختلف کاٹن زونز میں گنے کی کاشت میں مسلسل اضافہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ کاٹن زونز میں نئی شوگر ملز کے قیام اور موجودہ ملوں کی پیداواری صلاحیت بڑھنے کے نتیجے میں کپاس کی مقامی پیداوار کم ہوکر تقریباً 55 لاکھ گانٹھوں تک محدود ہوگئی ہے۔
Lahore 21°C
Islamabad 21°C


