اسلام آباد : 14 سال بعد وفاقی دارالحکومت کے 27 تھانوں کو 30 نئی گاڑیاں فراہم کردی گئیں ، جب کہ ہزاروں بھرتیوں کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے تھانوں کو نئی گاڑیاں دینے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیرمملکت طلال چوہدری نے نئی گاڑیوں کی چابیاں اسلام آباد پولیس کے حوالے کیں۔
وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ناکارہ گاڑیوں کے ساتھ جدید پولیسنگ کا تصور ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ نئی گاڑیوں سے پولیس کا رسپانس ٹائم بہتر ہوگا ۔ عوام کی حفاظت و سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جارہے ہیں۔
وفاقی وزیرِ داخلہ نے مزید کہا ہے کہ وسائل کی فراہمی سے پولیس اپنی ذمہ داریاں بہتر انداز سے ادا کرسکے گی ۔ اس کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کے تمام تھانوں کی تعمیر اور اپ گریڈیشن پر بھی کام جاری ہے ، جسے جلد مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال ماحول دوست پالیسی کا حصہ ہے اور ان کے استعمال سے پٹرولیم اخراجات میں نمایاں کمی ہوگی۔
وزیر مملکت طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے آج نئی گاڑیاں اسلام آباد کے تمام 27 تھانوں کے حوالے کردی ہیں۔ اسلام آباد پولیس کے پاس 14 سال سے پرانی گاڑیاں تھیں۔
وزیر مملکت نے مزید کہا کہ تمام 27 تھانوں کی تعمیر اور بحالی پر بھی کام جاری ہے اور اسی سال تمام تھانوں پر تعمیراتی کام مکمل کیا جائے گا۔ وزیر مملکت طلال چوہدری یہ بھی بتایا کہ نفری کی کمی پوری کرنے کے لیے 9 ہزار نئے جوان بھرتی کیے جارہے ہیں ۔
Lahore 35°C
Karachi 32°C


